اقوام متحدہ اجلاس، امریکا کا فلسطینی قیادت کو ویزا دینے سے انکار

اقوام متحدہ اجلاس، امریکا کا فلسطینی قیادت کو ویزا دینے سے انکار

امریکی اقدام بلاجواز ،تعلقات بہتر بنانے کے منافی:فلسطین،فیصلے کی مذمت غزہ میں جاری شہادتوں پر آئرلینڈ کا یوروویژن 2027 کے بائیکاٹ کا اعلان غزہ دستاویزی فلم ’’نازا‘‘کے اسرائیلی ہدایتکاروں کو دھمکیوں ، دباؤ کا سامنا

رملہ،تل ابیب ،نیو یارک،ڈبلن(اے ایف پی)فلسطینی اتھارٹی نے امریکی حکومت کی جانب سے صدر محمود عباس سمیت دیگر حکام کو آئندہ ہفتے نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے ویزے جاری نہ کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے ۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ یہ اقدام بلاجواز ہے اور باہمی اعتماد کی بحالی، فلسطین اور امریکا کے تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کے منافی ہے ۔ ایسے اقدامات دو ریاستی حل کے نفاذ، امن اور خطے میں استحکام کیلئے ضروری سیاسی ماحول کی تشکیل میں بھی رکاوٹ ہیں۔آئرلینڈ نے غزہ میں جاری شہادتوں اور انسانی بحران کے باعث یوروویژن 2027 کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی ای کے مطابق شہریوں کو لاحق مسلسل خطرات کے باعث مقابلے میں شرکت کا جواز نہیں بنتا۔ نیدرلینڈز نے بھی مقابلے سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ادھر غزہ سے متعلق دستاویزی فلم ’’نازا‘‘ کے اسرائیلی ہدایتکاروں یوول ابراہم اور ریچل شور کو دھمکیوں اور دباؤ کا سامنا ہے ۔ ان کی تصاویر پر ‘‘غدار’’ لکھا گیا، جبکہ نیتن یاہو نے فوجیوں کو بدنام کرنے والوں کی شہریت منسوخ کرنے سے متعلق قانون سازی کا عندیہ دیا ہے ۔ ہدایتکارہ ریچل شور کے والدین کے گھر کے باہر احتجاج کیا گیا، جہاں مظاہرین نے ان کے خلاف نعرے لگائے ۔اسرائیل نے مغربی کنارے کے ای ون منصوبے میں مزید 2 ہزار 167 رہائشی یونٹس کیلئے ٹینڈر جاری کردیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ای ون منصوبے پر عمل درآمد سے فلسطینی علاقوں کے درمیان زمینی رابطہ متاثر ہوسکتا ہے ،مستقبل میں فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے علاقے مسافر یطا میں دو مکانات مسمار کئے جانے کے بعد فلسطینی چرواہا محمد عمار اپنی دو بیویوں اور 11 بچوں سمیت غار میں رہنے پر مجبور ہے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے ترکیہ سے حماس ارکان کو غزہ سے بلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اسرائیل کاٹزنے ترک صدر سے کہا کہ وہ غزہ کے لوگوں کو انطالیہ منتقل ہونے کی دعوت دیں۔ کاٹز کے مطابق غزہ کا 70 فیصد علاقہ آبادی سے خالی ہوچکا ہے ،اسرائیلی فوج منتقلی کا منصوبہ مکمل کرنے کیلئے تیار ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...