اسامہ بن لادن کی تعریف پر طاہر اشرفی سے بین المذاہب ایوارڈ واپس
لندن (اے ایف پی) آرچ بشپ آف کینٹربری کے دفتر نے رواں ماہ 11 ستمبر کو حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو دیا گیا بین المذاہب ہم آہنگی کا ایوارڈ واپس لے لیا۔
ایوارڈ دینے کے فیصلے پر شدید ردعمل کے بعد چرچ آف انگلینڈ نے اشرفی کے ماضی کے بیانات کا جائزہ لیا۔ پاکستان علما کونسل کے چیئرمین نے 2007 میں اے ایف پی سے گفتگو میں اسامہ بن لادن کو ’’سیف اللہ‘‘ کا خطاب دینے کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے یہ بیان برطانیہ کی جانب سے سلمان رشدی کو نائٹ ہُڈ دئیے جانے پر مسلمانوں میں پائی جانے والی ناراضی کے تناظر میں دیا تھا۔ آرچ بشپ کے دفتر نے کہا کہ ماضی کے یہ بیانات سامنے آنے کے بعد ایوارڈ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ دفتر کے مطابق اشرفی کو ابتدا میں پاکستان میں مذہبی اقلیتوں، خصوصاً مسیحی برادری کی حمایت کیلئے اعزاز دیا گیا تھا۔طاہر اشرفی کے ترجمان نے کہا کہ بیان بن لادن کی حمایت نہیں بلکہ رشدی کو اعزاز دینے پر مسلمانوں کے جذبات کی وضاحت کے تناظر میں تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments