جہاز کے استعمال پر پونے تین کروڑ کی ادائیگی، چاروں وزرائے اعلیٰ کے پاس طیارے، تنقید صرف مجھ پر کیوں؟ مریم نواز
9ارب کا یہ جہاز میرا نہیں ، وزیراعلیٰ کا ہے ، اسے اٹھا کر رائیونڈ نہیں لے جاؤنگی ،چین، جاپان، ترکیہ اور آذربائیجان اسی جہاز پر گئی ، آئندہ بھی جاؤنگی ، جہاز پر سفر نہ کروں، تو چنگ چی پر کروں؟ پختونخوا سے چند لوگ حملہ آور ہونے آئے ، کسی نے پہچانا تک نہیں، ہر ڈویژن میں کینسر ہسپتال بناؤں گی:ملتان میں خطاب ، کلاس نہم کے خراب امتحانی نتائج پرٹیچرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
لاہور ،ملتان(دنیا نیوز،کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بیٹی کی گریجوایشن تقریب میں شرکت کیلئے لندن جانے کیلئے جہاز کے استعمال پر پونے 3 کروڑ روپے ادا کر دئیے ،چاروں وزرائے اعلیٰ کے پاس طیارے ، تنقید صر ف مجھ پر کیوں ؟،تنقید مجھ پرنہیں پنجاب کی ترقی پرہو رہی ہے ،میں تو پانچ سال اسی جوش و جذبے اور سپیڈ کیساتھ کام کرونگی،ابھی آغازہے ، ڈھائی سال اورمل گئے تو جنوبی پنجاب کا نقشہ بدل جائے گا، ہر کوئی اٹھ کر کہتا ہے پنجاب نے ہمارا حق کھا لیا، پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے ،پنجاب کے ہر ڈویژن میں کینسر ٹریٹمنٹ ہسپتا ل بنائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب نے دورہ لندن کے دوران سرکاری طیارے پر آنے والے اخراجات کا چیک دیدیا۔ انہوں نے سرکاری جہاز پر رواں ماہ 5 سے 9 ستمبر تک لندن کا دورہ کیا تھا ، سرکاری طیارے کے استعمال کی مد میں پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی رقم کا چیک دیا گیا۔ مزید برآں تقریب سے خطاب میں مریم نواز شریف نے سرکاری جہاز استعمال کرنے کے کرائے کی ادائیگی کی رسید دکھا تے ہوئے کہا کہ9ارب کا یہ جہاز میرا نہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے ، اسے اٹھا کر رائیونڈ نہیں لے جاؤنگی ،چین، جاپان، ترکیہ اور آذربائیجان اسی جہاز پر گئی ، آئندہ بھی جاؤنگی ، جہاز پر سفر نہ کروں، توکیا چنگ چی پر کروں؟،وزٹ کیلئے جانا پڑے تو کس جہاز پر جاؤں گی؟، کیا سیلاب کے دوران عوام کے درمیان موجود نہیں تھی ؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9ارب روپے کے جہاز پر بات کرتے ہو، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پربات کیوں نہیں کرتے ،میں وی لاگرز اور یوٹیوبرز کو جوابدہ نہیں ہوں،اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابد ہ ہوں ،میں نے کرایہ ادا کر کے رسید سب کو دکھا دی ،پنجاب میں اربوں روپے کے پراجیکٹ چل رہے ہیں ،اللہ کو حاضر ناظر جان کرکہتی ہوں ایک روپے کی خیانت نہیں کی،عوام کے خون پسینے اور محنت کی کمائی سوچ سمجھ کر خرچ کرتے ہیں ،خود خیانت کرتی ہوں نہ کسی کو کرنے دیتی ہوں ،چند روز میں 600 پولیس والوں کو رشوت خوری پر گرفتار کیاگیا ،ریونیو اور اینٹی کرپشن کے لوگ بھی پکڑے گئے ۔مریم نواز نے کہا کہ پختونخوا سے چند لوگ حملہ آور ہونے آئے ،سڑک کنارے بیٹھے رہے کسی نے پہچانا تک نہیں، جب کسی نے نہیں پہچانا تو بادل نخواستہ خود کو اغوا کرانا پڑا ،کے پی کے سے آنیوالے اڑھائی افراد کا جلوس گزر رہاتھا دکاندار سے کرسی مانگی تو اس نے کہاکہ نہیں دوں گا چوری ہو جائے گی، پنجاب کے عوام خوب جانتے ہیں کہ اصل چور کون ہیں اورکون چوریاں کرتا ہے ،ڈی سی لاہور سے کہا کہ مہمان آئے تھے تو کچھ تو خیال کرتے ،4،5سو بندے ہی بھیج دیتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کے منہ سے اپنے صوبے کو پنجاب سے بہتر کرنے کا جملہ سننے کیلئے کان ترس گئے ،پنجاب میں کارڈیالوجی، کینسر اور دیگر بڑے بڑے ہسپتال بن رہے ہیں،پی کے ایل آئی کے بعد اب دوسری پیٹ سکین مشین ملتان میں لگائی گئی ، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غریبوں کا مفت علاج ہوگا ،پنجاب کے ہر ڈویژن میں کینسر ہسپتال بنا کر جاؤں گی،جنہیں 12ماہ میں فنکشنل کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہزار گرین بسوں کا اعلان کیا تو5ہزار بسیں دے کر جاؤں گی ،ملتان میں بہت جلد 160الیکٹروبسیں چلنا شروع ہوجائینگی،اب پنجاب کی ہر ڈسٹرکٹ اورہر تحصیل میں الیکٹرک بس چلے گی، پنجاب میں بھر میں 300نوازشریف سکولز آف ایمیننس بن رہے ہیں ،طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس دینے جارہے ہیں،درخواست دینے کی آخری تاریخ 4اکتوبر ہے لیکن اب تک 3لاکھ درخواستیں آچکیں،اب پنجاب بھر میں طالبات سکوٹی چلاتی نظر آئیں گی کیونکہ اب پنجاب محفوظ ہے ،لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کیلئے ایسے مشکل فیصلے کیے جسے میں جانتی ہوں اورمیرا رب جانتا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقدہوا،جس میں سکول ایجوکیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر مریم نواز نے کلاس نہم کے امتحانی نتائج پر خفگی کا اظہارکیا جبکہ خراب امتحانی نتائج کے حامل ٹیچرز کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا گیا ،اگلے ہفتے مکمل ٹائم لائن اور ریفارمز پلان پیش کرنے اورنویں کلاس کے 20فیصد سے کم رزلٹ پر فوری ایکشن کا حکم دیدیا۔وزیراعلیٰ نے آؤٹ سورس سکولوں کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کر لی ،انہوں نے بہترین نتائج کے حامل سکولوں کیلئے انعامات،45دن میں ہیڈ ٹیچرز کی خالی اسامیاں پر کرنے اورسرکاری سکولوں میں سبجیکٹ سپیشلسٹ کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ مزیر برآں سکولوں کی مانیٹرنگ کیلئے یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا ۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب نے مریضوں کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب میں مریضوں کو محفوظ، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments