کنٹینر راستہ نہیں روک سکیں گے : حکومت نے لیوی ختم نہ کی تو اپنا تخت الٹنا پڑیگا : حافظ نعیم

کنٹینر راستہ نہیں روک سکیں گے : حکومت نے لیوی ختم نہ کی تو اپنا تخت الٹنا پڑیگا : حافظ نعیم

حکومتی کرپشن ، ڈھٹائی پوری طرح موجود ، واضح دلائل کے باوجود حکمران آئی ایم ایف کا بہانہ بناتے ، کہتے ہیں لیوی سے خزانہ چلتا 20 ستمبر سے سپر لانگ مارچ ہوگا،کراچی سے ٹرین مارچ بھی نکالا جائیگا ،مریم نواز نے زراعت،تعلیم کو تباہ کردیا :جلسہ سے خطاب

لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں 20 ستمبر سے تاریخی سپر لانگ مارچ شروع ہوگا، کراچی، کوئٹہ، چترال، کالام، پورے پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمالی پنجاب سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے، کراچی سے ٹرین مارچ بھی نکالا جائے گا جبکہ ملتان سے ہوتا ہوا لانگ مارچ لاہور پہنچے گا اور پھر اسلام آباد کی جانب بڑھے گا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تاریخی دھرنوں کو 33 روز مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نااہلی، کرپشن اور ڈھٹائی پوری طرح موجود ہے، حکومت روزانہ پٹرول بم گرا رہی ہے اور پٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے کہابھارت نے بحرانوں میں بھی پٹرول کی قیمت میں 30 روپے سے زائد اضافہ نہیں کیا جبکہ پاکستان میں پٹرول پر 130 روپے اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 260 روپے بنتی ہے اور حکمران طبقہ ڈھٹائی کے ساتھ عوام کی جیب پر ڈاکا مار رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا مذاکرات میں واضح دلائل کے باوجود حکمران آئی ایم ایف کا بہانہ بناتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے لیوی کے ذریعے ہی خزانہ چلتا ہے، اگر حکومت مطالبات ماننے کو تیار نہیں تو جماعت اسلامی اسلام آباد مارچ کرے گی،کراچی تا گوادر لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور یہ ’’سپر لانگ مارچ‘‘ ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکومت کو لیوی ختم کرنا پڑے گی، بصورت دیگر ’’اپنا تخت الٹنا پڑے گا‘‘۔حکومت کے کنٹینر عوام کا راستہ نہیں روک سکیں گے ۔ انہوں نے کہا مریم نواز نے زراعت اور تعلیم کو تباہ کردیا اور ایونٹ بازی سے باز نہیں آتیں۔ پیپلز پارٹی کو بھی جواب دینا پڑے گا کہ وہ اپوزیشن میں کیسے ہے ۔ لاہور میں پرسوں سے کارواں لانگ مارچ چلیں گے ۔ لاہور دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے کہا حکومت کو چاہیے کہ سب سے پہلے اپنی مراعات، غیر ضروری اخراجات اور شاہانہ طرزِ زندگی کو ختم کرے ، ملک کے وسائل پر چند طبقات کی اجارہ داری ختم کرنا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...