مسجد الحرام کے موذن شیخ ابراہیم المدنی انتقال کر گئے

مسجد الحرام کے موذن شیخ ابراہیم المدنی انتقال کر گئے

24 مستقل مؤذنین میں سے تھے ،پیر کی صبح آخری اذان دی 15 برس کی عمر میں مدینہ کی ایک مسجد میں اذان دیناشروع کی

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)مسجد الحرام کے مؤذن شیخ ابراہیم المدنی پیر کی صبح وفات پا گئے ہیں۔ اسلام کی سب سے مقدس مسجد میں پیر کی صبح فجر کی پہلی اذان ان کی آخری اذان تھی۔سعودی میڈیا کے مطابق شیخ ابراہیم المدنی مسجد الحرام کے 24 مستقل مؤذنین میں سے ایک تھے ۔ ان 24 مؤذنین میں سے چھ مؤذن روزانہ باری باری فجر کی پہلی اذان سمیت پانچوں فرض نمازوں کی اذانیں دیتے ہیں۔المدنی فجر کی اذان، تکبیرات ادا کرنے اور امام کے پیچھے مبلغ کی ذمہ داری انجام دینے کے حوالے سے جانے جاتے تھے ۔ ان کی آخری اذان اور اس دوران فجر کے وقت مسجد الحرام کی بعض ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔

سعودی اخبارات نے مؤذن شیخ ابراہیم المدنی کی وفات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ’اِن سائیڈ دی حرمین‘ کی پوسٹ کا حوالہ دیا ہے جہاں ان کی پیر کی صبح فجر کی اذان کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔شیخ ابراہیم المدنی 1976 میں مدینہ کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے اور ان کی پرورش میں دادا کا گہرا اثر تھا جو کہ حافظ قرآن تھے ۔ بعد ازاں انہوں نے قرآنی علوم میں تعلیمی سند حاصل کی۔مؤذن کے طور پر اُن کا سفر 15 برس کی عمر میں ہی شروع ہو گیا تھا، جب انہوں نے مدینہ کی ایک مقامی مسجد میں اذان دینا شروع کی تھی۔اشرقت نامی ایک پوڈکاسٹ کے دوران شیخ ابراہیم المدنی نے اُس لمحے کو یاد کیا جب انہوں نے پہلی مرتبہ مسجد الحرام میں اذان دی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وہ پچھلی پوری رات یہ سوچتے ہوئے سو نہیں سکے تھے کہ میں حرم میں اذان دوں گا۔ ایک غلطی یا کھانسی سے بھی فرق پڑ سکتا ہے ۔ مجھے معلوم تھا کہ یہ بہت بڑی بات ہے ۔ میں بہت خوفزدہ تھا۔انہوں نے کہا کہ اذان دینے کے بعد میں نے اللہ کا شکر ادا کیا، میں اپنے کمرے میں واپس گیا، ایک شیخ میرے پاس آئے اور میری اذان کی ویڈیو دکھائی جس میں لوگ خانہ کعبہ کے گرد چکر لگا رہے تھے میں یہ منظر دیکھ کر بہت رویا۔ میں بہت خوش تھا۔المدنی نے کہا تھا کہ ایسے کئی لوگ ہیں جن کی آوازیں مجھ سے بہتر ہیں، مجھ سے بہتر اعمال ہیں لیکن یہ خدا کا فیصلہ ہے کہ جسے بھی وہ یہ عطا کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...