مقبوضہ کشمیر:آغا روح اللہ کا پارٹی ، پارلیمنٹ سے استعفے کا اعلان
جماعت آرٹیکل 370 کی بحالی کے وعدے سے پیچھے ہٹ گئی:رکن پارلیمان کا الزام عوام کے اعتماد کا سودا ہوا،میں اس سودے بازی کا حصہ نہیں بننا چاہتا:آغا روح اللہ
سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان آغا روح اللہ نے نومبر2026 میں پارٹی اور پارلیمنٹ کی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جماعت آرٹیکل 370 کی بحالی کے وعدے سے پیچھے ہٹ گئی ہے ،جس کی بنیاد پر عوام نے اسے ووٹ دیا تھا۔ آغا روح اللہ کے مطابق نیشنل کانفرنس نے گزشتہ انتخابات میں آئینی خودمختاری کی بحالی کا وعدہ کیا تھا، تاہم حکومت کی توجہ ریاستی درجہ بحال کرانے تک محدود ہوگئی۔آئینی خودمختاری سے متعلق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کی قیادت کے محتاط رویے پر آغا روح اللہ کہتے ہیں کہ ظاہر ہے یہ سودا اقتدار میں رہنے کے لیے ہوا ہوگا۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اس کی وجہ خوف ہے ، لالچ ہے یا کچھ اور، لیکن یہ جماعت اپنے بنیادی ایجنڈے سے مکر گئی ہے ۔ صاف دکھائی دیتا ہے کہ عوام کے اعتماد کا سودا ہوا ہے ۔ یہ سودا کس کے عوض ہوا، یہ قیادت ہی بہتر جانتی ہوگی، مگر میں اس لیے مستعفی ہو رہا ہوں کیونکہ میں اس سودے بازی کا حصہ نہیں بننا چاہتا ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے میں سمجھتا تھا کہ شاید خودمختاری کے مطالبے پر صرف وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا رویہ سرد ہے لیکن جب پارٹی سربراہ نے بھی اسی انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جسے آرٹیکل 370 چاہیے ، وہ جا کر تلاش کرے کہ اسے کہاں سے لانا ہے ، تو میں نے فیصلہ کیا کہ اپنے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ فاروق عبداللہ کی بہت عزت کرتے ہیں اور اسی لیے میں نے استعفے کا فیصلہ کر کے فاروق صاحب کی خواہش پوری کر دی۔سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں آغا روح اللہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ‘جس طرح آغا صاحب خود کو ایک قد آور لیڈر کے طور پر پیش کرنے کے لیے پارٹی کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں، وہ درست راستہ نہیں۔ میں انہیں کہتا ہوں کہ اگر ان میں دم ہے تو استعفیٰ دیں، پارلیمنٹ کی نشست چھوڑیں اور دوبارہ الیکشن لڑیں، پھر دیکھتے ہیں کہ انہیں کون ووٹ دیتا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے مو قف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اسمبلی میں آرٹیکل 370 اور ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے پر قرارداد منظور کرچکی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments