امریکا ،چین تعاون کے بغیر دنیا کے مسائل کا حل تلاش کرنا مشکل:چینی صدر

امریکا ،چین تعاون  کے  بغیر  دنیا کے  مسائل  کا  حل  تلاش  کرنا  مشکل:چینی  صدر

امریکا اور چین محاذ آرائی سے گریز کریں، دونوں ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں:شی جن پنگ چینی صدر سے شاندار دوستی،دونوں ممالک اے آئی کیلئے اضافی حفاظتی ضوابط کے مخالف :ٹرمپ،صدر شی کا خود استقبال کیا

واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)چین کے صدر شی جن پنگ نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ا نہیں خوبصورت امریکا کا سرکاری دورہ کرنے پر خوشی ہے ،مہمان نوازی پر صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں۔جمعرات کو چینی صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس پہنچے تھے جہاں صدر ٹرمپ اور امریکی خاتون اول نے ان کا استقبال کیا۔وائٹ ہاؤس میں باضابطہ ملاقات سے قبل دونوں صدور نے تفصیلی گفتگو بھی کی ہے ۔چینی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کو آپس میں رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔شی جن پنگ کا مزید کہنا تھا کہ چین اور امریکا دو مختلف ممالک ہیں، لیکن کھلے ، گہرے اور مسلسل مکالمے کے ذریعے دونوں ممالک ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں اور باہمی اعتماد کو فروغ دے سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے اور صدر ٹرمپ کے درمیان باہمی احترام پایا جاتا ہے اور دونوں رہنما ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ہمیں خلوص نیت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے کیونکہ دونوں ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ چین اور امریکا کے درمیان تعاون کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون دنیا کے ہر مسئلے کو حل نہیں کر سکتا، لیکن اس کے بغیر دنیا کے بہت سے مسائل کا حل تلاش کرنا بھی بہت مشکل ہو جائے گا۔شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکا کو باہمی تنازع اور محاذ آرائی نہ ہونے کے اصول پر قائم رہنا ہوگا۔

چینی صدر نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور بحران سے متعلق رابطوں اور روک تھام کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا،چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شہنواکے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا اور ایران اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کی طرف واپس آئیں۔چینی صدر نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران ایک جامع معاہدے تک پہنچیں گے جس میں ایٹمی معاملہ اور دیگر معاملات کا تصفیہ بھی شامل ہو گا۔ ۔وائٹ ہاؤس میں اپنی گفتگو کے دوران چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب چینی اور امریکی فوج نے فسطائی جارحیت کے خلاف شانہ بشانہ جنگ لڑی تھی۔انہوں نے کہا چینی عوام نے تاریخ کے اس باب کو کبھی فراموش نہیں کیا اور نہ ہی امریکی عوام نے ۔اسی تناظر میں صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران ایک لاکھ امریکی نوجوانوں کو تعلیمی و ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے تحت چین آنے کی دعوت دی جائے گی۔چین اور امریکا کے درمیان دوستی کی علامت کے طور پر شی جن پنگ نے یہ بھی کہا کہ دو پانڈا امریکا میں اپنے نئے گھر اٹلانٹا زو میں امریکی عوام سے ملیں گے ۔اپنی تقریر کے اختتام پر صدر شی نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے اپنے عوام کی توقعات پر پورا اتریں اور تاریخی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ آئیے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے فروغ کے لیے مسلسل کام کریں اور مل کر ایک بہتر دنیا کی تعمیر کریں۔اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کا اور چینی صدر کا تعلق باہمی احترام پر مبنی ہے ۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا اور چین نے مل کر دونوں ممالک کو درپیش مسائل پر غیر معمولی پیش رفت حاصل کی ہے ۔ دونوں ممالک متوازن تجارتی تعلق قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں،سکیورٹی، ٹیکنالوجی اور سپر انٹیلی جنس سے متعلق اہم معاملات پر بھی بات چیت کریں گے ،دونوں ممالک اے آئی کیلئے اضافی حفاظتی ضوابط کے مخالف ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ آج ان شعبوں میں کیے جانے والے فیصلے آنے والی کئی دہائیوں تک امن اور خوشحالی کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی اور شی جن پنگ کی دوستی باہمی احترام اور دونوں ممالک کے عوام کے اہم مفادات کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے ۔ امریکی صدر نے شی جن پنگ کے ساتھ تعلقات کو شاندار دوستی قرار دیا۔ قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کا واشنگٹن کے قریب جوائنٹ بیس اینڈریوز پر خود استقبال کیا۔ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے چینی صدر اور ان کی اہلیہ پنگ لی یوان سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پر فوجی بینڈ نے دھنیں بجائیں جبکہ دو بی ون بمبار طیاروں نے فضائی مظاہرہ کیا۔ شی جن پنگ کے استقبال کیلئے ایف 22 اور ایف 16 جنگی طیارے بھی رن وے پر موجود تھے ۔ ٹرمپ نے شی جن پنگ سے مصافحہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی تعلقات کو عظیم دوستی قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...