حماس حکومت قبول نہیں،اہداف مکمل کرینگے : نیتن یاہو
7 اکتوبرکے حملے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی جاری رہے گی:خطاب مغربی کنارے ، شام میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ ،2افراد شہید،2گرفتار لندن میں اسرائیلی سفارتخانے پر حملے کی کوشش کرنیوالے کویتی کو عمر قید
یروشلم،لندن (اے ایف پی)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کی حکومت قبول نہیں، اسرائیل اپنے اہداف مکمل کرے گا۔ نیتن یاہو نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کی تین سالہ یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث افراد اور یرغمالیوں کو قید رکھنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ نیتن یاہو نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا ۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ فلسطینی حکام کے مطابق واقعہ الخلیل کے شمال میں بنی نعیم کے داخلی راستے پر پیش آیا، جہاں اسرائیلی فوج نے ایک شہری گاڑی پر فائرنگ کی۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی شام میں اپنے زیر قبضہ علاقے میں ایک فوجی چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مشتبہ حملہ آور کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ فوجی چوکی کی جانب بڑھنے والے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ لندن کی عدالت نے اسرائیلی سفارتخانے میں داخل ہو کر چاقو حملے کی کوشش کرنے والے کویتی شہری عبداللہ البدری کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ 34 سالہ ملزم کو کم از کم 20 سال جیل میں گزارنے ہوں گے ۔ جیوری نے مئی میں اسے دہشت گردی کی کارروائی کی تیاری اور دو چاقو رکھنے کے جرم میں مجرم قرار دیا تھا۔ اپریل 2025 میں مسلح پولیس نے ملزم کو سفارتخانے کی باڑ عبور کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ دورانِ مقدمہ بتایا گیا کہ مجرم غزہ میں بچوں کی شہادتوں کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments