جبوتی :تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 109افراد ہلاک
مرنے والوں میں 52 مرد، 42 خواتین اور 15 بچے شامل ،116لاپتا
جنیوا (اے ایف پی)اقوام متحدہ کے ایک ادارے نے اتوار کو بتایا ہے کہ 8 اور 9 اکتوبر کی درمیانی شب جبوتی کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 109 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 116 لاپتا ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں 15 بچے بھی شامل ہیں۔بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے جاری کردہ بیان کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ کشتی جبوتی سے یمن جانے والے 305 افراد کو لے کر روانہ ہوئی تھی۔بیان کے مطابق اب تک ملنے والی 109 لاشوں میں 52 مرد، 42 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔ بچوں میں 9 لڑکیاں اور 6 لڑکے ہیں۔حادثے میں 80 سے زائد افراد زندہ بچ گئے ، جن کا تعلق ایتھوپیا سے ہے ۔ تارکین وطن معاشی مواقع کی تلاش میں آبنائے باب المندب عبور کرکے یمن اور وہاں سے خلیجی ممالک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اس دوران انہیں سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments