وائٹ ہاؤس کی ترجمان چند روز بعد ہی عہدے سے فارغ
بہت لوگ یہ عہدہ لینا چاہیں گے ،زکریا کو میڈیا نے بری طرح تنقید کا نشانہ بنایا:ٹرمپ
واشنگٹن (اے ایف پی، اے پی)وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیٹی زکریا چند روز ملازمت کے بعد ہی عہدہ چھوڑ رہی ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق ان کی پریس بریفنگ کی غیر متاثر کن کارکردگی اور تعلیمی و پیشہ ورانہ اسناد پر اٹھنے والے سوالات کے بعد ان کی رخصتی کی اطلاعات سامنے آئیں۔وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر زکریا کی عہدے سے علیحدگی کی تصدیق کی۔اس سے قبل جمعہ کو ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ ان کی نئی پریس سیکرٹری کیٹی زکریا شاید زیادہ عرصے تک اپنے عہدے پر برقرار نہ رہیں۔ٹرمپ نے کہامیں نے ان سے کہا کہ میرے خیال میں آپ کیلئے خوش رہنا زیادہ بہتر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا نے زکریا کے ساتھ بہت ناانصافی کی ہے اور وہ انہیں یہ بھی بتا چکے ہیں کہ پریس سیکرٹری بنے بغیر بھی ان کی زندگی اور خاندان بہت اچھا ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس بارے میں حتمی فیصلہ بعد میں کریں گے ۔وائٹ ہاؤس سے جارجیا روانگی کے موقع پر لان میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ اگر زکریا عہدہ چھوڑتی ہیں تو ان کی جگہ کون لے سکتا ہے ؟ اس پر انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ یہ عہدہ حاصل کرنا چاہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زکریا کو میڈیا نے بری طرح تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments