ماسکو پر دہشتگرد حملے کاخطرہ ، امریکی انتباہ پر حفاظتی اقدامات
تاریخی شاہی محل اورپارک پر مشتمل تساریتسینو میوزیم بند، اہلکار تعینات
ماسکو (اے ایف پی)روس کی سکیورٹی ایجنسی ایف ایس بی نے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانے کی جانب سے ماسکو میں ممکنہ دہشتگرد حملے کے انتباہ کے بعد ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔امریکی سفارتخانے نے ہفتے کو خبردار کیا تھا کہ 31 اکتوبر کو ماسکو کے تساریتسینو میوزیم ریزرو میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا باعث بننے والے حملے کا قابل اعتبار خطرہ موجود ہے ۔سفارتخانے کے مطابق امریکی حکومت اس خطرے سے نمٹنے کیلئے متعلقہ روسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے ۔ امریکی سفارتخانے نے ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے عناصر کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔تساریتسینو میوزیم ماسکو کے جنوبی علاقے میں واقع ایک تاریخی شاہی محل اور وسیع پارک پر مشتمل ہے ، جہاں خصوصاً ہفتے اور اتوار کو بڑی تعداد میں شہری اور سیاح آتے ہیں۔روسی ٹیلی گرام چینل"بازا"کے مطابق پارک کو بند کر دیا گیا ہے ۔ سینکڑوں سکیورٹی اہلکار موقع پر موجود ہیں۔ مارچ 2024 میں بھی امریکی حکام نے ماسکو میں ممکنہ حملے سے متعلق روس کو آگاہ کیا تھا۔ اس انتباہ کے چند ہفتے بعد داعش خراسان نے ماسکو کے ایک کنسرٹ ہال پر حملہ کیا تھا، جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments