ٹرمپ نے اسرائیل کی سالانہ 4ارب ڈالر امداد بند کر دی
نیتن یاہو نے خود مجھے کہا اسرائیل کو امداد کی ضرورت نہیں :امریکی صدر امریکی فوجی امداد کی بندش ملکی سلامتی کیلئے شدید دھچکا :اسرائیلی اپوزیشن ٹرمپ کا اعلان حکومت کی ناکامی ،نیتن یاہو اقتدار چھوڑ دے :آئزن کوٹ
واشنگٹن (اے پی)امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا 2027 سے اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر کی امداد دینا بند کر دے گا، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں اپنے قریبی اتحادی کو ہتھیاروں کی فروخت جاری رکھے گا۔ٹرمپ نے منگل کو امریکی وسط مدتی انتخابات کے روز فاکس نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے خود اس تجویز پر ان سے بات کی تھی اور دونوں رہنما گزشتہ دو برس سے اس معاملے پر تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ٹرمپ کے بقول اسرائیل کو اس امداد کی ضرورت نہیں اور امریکا کے لیے اتنی بڑی رقم خرچ کرنا مناسب نہیں۔ امریکی صدر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اسرائیل کو دی جانے والی امداد امریکا میں ڈیموکریٹ امیدواروں کے لیے سیاسی بحث کا موضوع بن گئی ہے ۔ ان کے مطابق اس معاملے کو انتخابی مہم میں حکومت کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ری پبلکن جماعت کے بعض قدامت پسند حامی بھی اسرائیل کی حمایت پر سوال اٹھاتے رہے ہیں۔اسرائیل میں اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے ٹرمپ کے اعلان کو وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے ان سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے ۔آئزن کوٹ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی دفاعی اداروں کو امریکا کے ساتھ تزویراتی تعلقات میں تبدیلی کا علم اسرائیلی عوام کے ساتھ ذرائع ابلاغ ہی سے ہونا، نیتن یاہو کے طرزِ عمل کے خطرناک ہونے کا ثبوت ہے ۔اپوزیشن رہنما یائر گولان نے امریکی فوجی امداد کے خاتمے کو اسرائیل کی سلامتی کے لیے شدید دھچکا قرار دیا۔ ان کے مطابق متعدد محاذوں پر جنگ کے دوران دفاعی ضروریات پوری کرنے کا پورا مالی بوجھ اسرائیلی عوام پر پڑے گا۔امریکا نے 2016 میں سابق صدر براک اوباما کے دور میں اسرائیل کے ساتھ دس سالہ دفاعی معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت اسے مجموعی طور پر 38 ارب ڈالر، یعنی سالانہ 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی جانی تھی۔ معاہدے کے تحت اس رقم کا بڑا حصہ امریکی دفاعی صنعت سے ہتھیار خریدنے پر خرچ ہونا تھا۔ ایک تحقیق کے مطابق غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سابق صدر جو بائیڈن اور ٹرمپ کے ادوار میں امریکا اسرائیل کو کم از کم 21 ارب 70 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments