فرانس :مہنگائی کیخلاف احتجاج، 6لاکھ افراد سڑکوں پر نکل آئے
ملک گیر ہڑتال ، تعلیمی اداروں اور ٹرین سروس سمیت متعدد شعبے متاثر ایفل ٹاور بھی بند، شہریوں کیلئے اخراجات پورے کرنا مشکل :مظاہرین
پیرس،ایتھنز(اے ایف پی)فرانس میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں جمعرات کی شام تک تقریباً 6 لاکھ افراد سڑکوں پر نکل آئے ۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق شام پانچ بجے تک پیرس سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر موجود تھے ۔ وزارت نے اس سے قبل دارالحکومت پیرس کے علاوہ ملک بھر میں 180 مقامات پر ہونے والے مظاہروں میں 2 لاکھ 70 ہزار افراد کی شرکت کا تخمینہ لگایا تھا۔ پیرس کے مظاہروں کو شامل کرنے کے بعد مجموعی تعداد چھ لاکھ تک پہنچ گئی۔مزدور تنظیموں نے تنخواہوں میں اضافے ، ٹیکس اصلاحات اور نوجوانوں کیلئے بہتر تعلیمی سہولیات کا مطالبہ کیا ہے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کے باعث عام شہریوں کیلئے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ادھرفرانس میں ملک گیر ہڑتال کے باعث جمعرات کو مشہور سیاحتی مقام ایفل ٹاور عوام کیلئے بند کردیا گیا۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق ہڑتال سے تعلیمی اداروں، ٹرین سروس سمیت متعدد شعبوں کا نظام متاثر ہوا۔ یونان میں بھی سرکاری تعلیم کیلئے فنڈز اور سہولیات بڑھانے کے مطالبے پر ہزاروں طلبا نے احتجاجی مظاہرے کیے ۔ طلبا نے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی بہتری، اساتذہ کی بھرتیوں اور مہنگائی کے باعث طلبا کو مالی معاونت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اساتذہ کی تنظیم کے مطابق ملک بھر میں سیکنڈری سکولوں کیلئے 15 ہزار اساتذہ کی کمی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments