خطے میں کشیدگی بڑھنے لگی، بحرین اور کویت پر ایرانی حملے
آبنائے ہرمز میں ابوظہبی کی آئل کمپنی کے جہاز پر حملہ، ایک کارکن لاپتا ریاض میں دھماکا، سعودی اتحاد کا 2 کروز میزائل مار گرانے کا دعویٰ
کویت سٹی، منامہ، ریاض، تہران (اے ایف پی) خطے میں کشیدگی بڑھنے لگی، بحرین اور کویت نے ایرانی ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں ابوظہبی کی آئل کمپنی کے جہاز پر حملے میں ایک کارکن لاپتا اور 11 زخمی ہوگئے ۔ بحرین اور کویت کے مطابق یہ حملے ایک ایرانی جزیرے پر امریکی کارروائی کے بعد کیے گئے ۔ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے ڈرونز نے کویت کے علی السالم ایئربیس پر امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظام اور ڈرونز و میزائلوں کے لانچنگ پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا۔ کویتی فوج نے کہا کہ اس کا فضائی دفاعی نظام دشمن ڈرونز کے خطرات کا جواب دے رہا ہے ۔ بحرین نے بھی بدھ کی صبح ایرانی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران کا جواب پہلے سے زیادہ تباہ کن ہوگا اور امریکی افواج کے ساتھ ان کے اتحادی بھی نشانہ بنیں گے ۔
ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے ۔سعودی عرب نے کویت اور بحرین پر حملوں اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے ۔ قطر نے کہا ہے کہ ایران کے مسلسل حملوں سے خطے میں خطرناک کشیدگی پیدا ہو رہی ہے اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ادھر سعودی دارالحکومت ریاض میں بدھ کو زور دار دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق شمال مشرقی علاقے میں ہوائی اڈے کے قریب دھواں دیکھا گیا۔ سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے دعویٰ کیا کہ ریاض کی جانب داغے گئے حوثی باغیوں کے دو کروز میزائل مار گرائے گئے ۔ سعودی حکام نے یمن سے متصل جازان، نجران اور خمیس مشیط میں بھی الرٹ جاری کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments