تین بار شیطان اور ایک بار جہنم کے دروازے کو دیکھا :سابق پوپ

تین بار شیطان اور ایک بار جہنم کے دروازے کو دیکھا :سابق پوپ

آنجہانی پوپ فرانسس کا ذاتی ڈائری میں حسد اور تکبر جیسے جذبات کا اعتراف ذاتی ڈائری کے اقتباسات پر مشتمل کتاب شائع،32سال کی تحریریں شامل

ویٹیکن سٹی(اے ایف پی)آنجہانی پوپ فرانسس نے اپنی ذاتی ڈائری میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے زندگی میں تین مرتبہ شیطان کو دیکھا، جبکہ ایک بار انہیں دوزخ کے دروازے بھی دکھائی دیے ۔ ان کی ڈائری کے اقتباسات پر مشتمل نئی کتاب منگل کو شائع ہوگئی۔ارجنٹائن کے کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز کی تصنیف ‘‘پوپ فرانسس کی نجی ڈائری’’ میں 1992 سے 2024 تک(32سال)کی تحریریں شامل ہیں، جن میں سابق پوپ کے روحانی خدشات، پریشانیاں، پچھتاوے اور اپنی ذات پر تنقید نمایاں ہے ۔کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس نے خود ان سے اپنی سیاہ پلاسٹک کی ڈائری کے خیالات شائع کرنے میں مدد کی درخواست کی تھی۔ گزشتہ سال ان کے انتقال کے بعد انہوں نے موجودہ پوپ لیو چہاردہم سے کتاب کی اشاعت کی اجازت حاصل کی۔ڈائری میں سابق پوپ فرانسس نے لکھا کہ جب وہ بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے تو تین مختلف مواقع پر شیطان کو دیکھا۔ پہلی مرتبہ تقریباً 15 سال قبل گاڑی کی کھڑکی سے ، دوسری مرتبہ کارملائٹ عبادت گاہ میں اور تیسری مرتبہ چلی کے دورے کے بعد روم میں ایک ملاقات کے دوران۔ ان کے بقول تینوں مواقع پر انہوں نے اسے جسمانی طور پر اپنے سامنے موجود محسوس کیا، جبکہ رب نے انہیں ان تجربات سے نجات دی۔انہوں نے 7 جون 2018 کی تحریر میں بتایا کہ ایک رات سونے سے پہلے انہیں دوزخ کے دروازے دکھائی دیے ، جس سے وہ خوفزدہ ہوگئے اور انہوں نے تسبیح کو اپنا سہارا بنایا۔ ان کے مطابق دوزخ کے دروازوں کے قریب جانا خطرناک ہے کیونکہ وہاں سے شعلے نکل سکتے ہیں۔ڈائری میں پوپ فرانسس نے اپنی خامیوں کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے خود کو مغرور، خود پسند اور بدظن قرار دیا، جبکہ حسد، تکبر اور غصے جیسے جذبات کا ذکر بھی کیا۔ پوپ فرانسس 21 اپریل 2025 کو چل بسے تھے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...