سائبر حملوں نے اہم عالمی اداروں کے نظام کمزوری ظاہر کر دی
برطانیہ کا 330 ارب پاؤنڈ کا فلاحی نظام سائبر حملوں کے خدشہ پر عارضی بند جدید اے آئی ٹولز ہیکرز کو سافٹ ویئر خامیاں تلاش کرنے میں معاون بن گئے ماہرین کا آئندہ سال ڈیجیٹل نظاموں پر سائبر حملوں کا خطرہ مزید بڑھنے کا انتباہ
لندن(نیوز مانیٹرنگ )جمعہ کے روز برطانوی حکومت کو اپنے فلاحی امداد کے نظام کا ایک بڑا حصہ عارضی طور پر بند (آف لائن)کرنا پڑا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ امریکا اور یورپ میں ہونے والے ان حالیہ سائبر حملوں اور تکنیکی خرابیوں کی تازہ ترین کڑی ہے جنہوں نے اہم سرکاری نظاموں کی کمزوریوں کو ظاہر کر دیا ہے ۔برطانیہ کا محکمہ برائے محنت و پنشن 330 ارب پاؤنڈ کے فلاحی بجٹ کا انتظام چلاتا ہے ، اس محکمے میں آنے والی خرابی سے چند روز قبل ہی امریکی محکمہ خزانہ، امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے کمپیوٹر سسٹمز میں بھی نقب لگانے اور ڈیٹا چوری ہونے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ برطانوی حکام سروسز بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے اس بات کو مسترد نہیں کیا کہ یہ تعطل کسی سائبر حملے کا نتیجہ ہو سکتا ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ہونے والے ان پے درپے واقعات نے ماہرین کو پریشان کر دیا ہے کہ پرانے کمپیوٹر سسٹمز جدید دور کے ہیکرز کا مقابلہ کیسے کریں گے ۔ ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز انسانوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے سافٹ ویئر کی کمزوریاں ڈھونڈ سکتے ہیں۔ کمپیوٹر ماہرین کو ڈر ہے کہ اے آئی کی پیچیدہ حساب کتاب حل کرنے کی صلاحیت آن لائن سکیورٹی کے مضبوط تالوں کو بھی توڑ سکتی ہے ۔
سائبر سکیورٹی ماہر رافے پِلنگ کا کہنا ہے کہ سائبر خطرات اب پہلے سے زیادہ تیز اور عام ہوتے جا رہے ہیں، تاہم ہر خرابی ہیکنگ کی وجہ سے نہیں ہوئی۔ رواں ماہ مائیکروسافٹ کی ای میل سروس متاثر ہونے اور امریکا میں ہزاروں پروازیں رکنے کی وجہ دراصل ان اداروں کی جانب سے اپنے سسٹمز کو ہیکرز سے بچانے کیلئے اپ ڈیٹ کرنا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال عام ہیکرز اے آئی کا استعمال زیادہ تر جعلی ای میلز یا پیغامات (فشنگ) کے ذریعے لوگوں کے پاسورڈ چوری کرنے کیلئے کررہے ہیں، لیکن خدشہ ہے کہ آنے والے سال میں یہ حملے مزید خطرناک ہو جائیں گے اور روزمرہ زندگی چلانے والے ڈیجیٹل نظاموں پر دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments