بی جے پی رہنما کی 16دسمبر تک بنگلہ دیش پر قبضہ کی دھمکی
بس بہت ہو گیا، بنگلہ دیش کیلئے اب کوئی بہانہ باقی نہیں رہا:ارجن سنگھ
نئی دہلی،ڈھاکا(اے پی پی)بھارت کی حکمراں جماعت ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے سیاستدان ارجن سنگھ کی بنگلہ دیش کو اشتعال انگیز دھمکی نے مودی سرکار کے مبینہ توسیع پسندانہ عزائم اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے مذموم منصوبوں کوبے نقاب کر دیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی نشریاتی ادارے ’’ریپبلک‘‘کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی رہنما ارجن سنگھ نے انتہا پسندانہ رویہ اپناتے ہوئے 16 دسمبر تک بنگلہ دیش پر قبضہ کرنے اور وہاں ہندوؤں کے مبینہ قتل کا بدلہ لینے کی کھلی دھمکی دی ہے ۔ اسی طرح بھارتی میڈیا ’’انڈیا ٹوڈے ‘‘کے مطابق ارجن سنگھ نے اپنے اشتعال انگیز بیان میں کہا کہ بس بہت ہو گیا، بنگلہ دیش کیلئے اب کوئی بہانہ باقی نہیں رہا۔سیاسی و دفاعی مبصرین کے مطابق اس معاملے کا سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ بھارت میں پناہ گزین بنگلہ دیش کی مفرور سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بھی ڈھاکہ واپسی کیلئے 16 دسمبر ہی کی تاریخ کا اعلان کر رکھا ہے ۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی کے اعلان اور بی جے پی رہنما کی جانب سے قبضے کی دھمکی کیلئے ایک ہی تاریخ کا انتخاب کسی گہری سازش اور باہمی گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے ۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پندرہ برس تک شیخ حسینہ کی حکومت کے ذریعے بنگلہ دیش کے معاملات پر اثر انداز رہنے والا بھارت اب عوامی تحریک کے نتیجے میں اپنی حامی حکومت کے خاتمے پر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ جمہوری اور عوامی سطح پر اپنا اثر و رسوخ کھونے کے بعد اب انتہا پسند اکھنڈ بھارت کے ایجنڈے کے تحت طاقت کے زور پر پڑوسی ملک کی خودمختاری کو چیلنج کیا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments