سعودی دارالحکومت کی طرف گیارہ ڈرون تباہ ،یمن میں 11 شہری جاں بحق
صعدہ میں ایندھن تنصیبات نشانہ ،امریکی قبضے سے 2ٹینکر واپس، ایف 16 طیارے کو مڑنے پر مجبورکردیا:ایران
صنعا، ریاض(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے ایک ڈرون کو تباہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا یہ ڈرون یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی طرف فائر کیا گیا تھا جسے راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔ حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ سعودی جنگی طیاروں نے جمعہ کے روز صوبہ تعز کے شہر التربہ میں ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا جس میں 11 شہری جاں بحق ہوئے جن میں زیادہ تر بچے تھے ۔ صعدہ کے علاقے میں ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا جو حوثیوں کا ایک اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے دو ایرانی آئل ٹینکر واپس حاصل کر لیے جنھیں ان کے بقول امریکی فوج نے قبضے میں لے لیا تھا۔شہرام ایرانی کے مطابق عملے کے سونے کے دوران جہازوں پر چڑھ کر انہیں دوبارہ قبضے میں لیا گیا۔ایرانی پاسداران انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج میں واقع ہنگام جزیرے کے قریب ایک جدید فضائی دفاعی نظام نے امریکی فوج کے ایف-16 جنگی طیارے کو وارننگ دی جس کے بعد طیارہ واپس مڑنے پر مجبور ہو گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق رواں سال تنازع شروع ہونے کے بعد ایران 78 امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کر چکا ہے ۔ادھر واشنگٹن پوسٹ کی اگست میں شائع ہونے والی غیر مصدقہ رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران امریکا کم از کم 45 ایم کیو-9 ریپر ڈرون کھو چکا ہے جن میں سے ہر ایک کی تیاری پر تقریباً پانچ کروڑ ڈالر تک لاگت آتی ہے ۔
ادھر کویت میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔عراقچی نے ایک بار تہران کا موقف دہرایا کہ ایران کا کویت پر ڈرون حملے میں کوئی کردار نہیں۔ تہران اس واقعہ کے محرکات واضح کرنے اور اس کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ روس اور چین کی جانب سے ایران کو اہم نوعیت کی انٹیلی جنس معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات کے دوران ایران کے ساتھ جنگ کا موضوع بھی زیرِ بحث آیا۔چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘صدر شی کے ساتھ میری ملاقات شاندار رہی۔ میرے خیال میں ایران کے معاملے میں ان کی بہت محدود شمولیت ہے ۔ وہ کسی حد تک شامل ہو سکتے ہیں لیکن میرے نزدیک شمولیت کا مطلب فائرنگ یا براہِ راست فوجی کارروائی ہے نہ کہ ایران کو چند معلومات فراہم کرنا۔انھوں نے مزید کہا کہ ویسے ہم بھی یہی کرتے ہیں۔ جب وہ کہتے ہیں کہ وہ ہم پر جاسوسی کر سکتے ہیں تو مجھے کہنا پڑتا ہے کہ ہم بھی ان پر جاسوسی کرتے ہیں۔
ممکن ہے ہم ان سے بہتر جاسوسی کرتے ہوں۔روس کے ایران کے ساتھ معلومات کے تبادلے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ انھیں زیادہ معلومات دے رہے ہیں۔ٹرمپ نے مزید کہا مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کی صورت میں ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار داغ سکتا تھا۔جوہری تباہی برپا ہو سکتی تھی اور وہ ہمارے شہروں کو بھی نشانہ بنا سکتے تھے ۔ میں انھیں جانتا ہوں اور سچ کہوں تو وہ پاگل ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم انھیں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے ۔انہوں نے کہا اگرچہ ایرانی میزائل امریکا تک نہیں پہنچ سکتے لیکن یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت ضرور رکھتے ہیں۔ اگر ہم مضبوط اور دانشمندانہ مؤقف اختیار نہ کرتے تو ایسا بھی ہو سکتا تھا۔انہوں نے کہا امریکا کو مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں۔ہمارے پاس کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تیل موجود ہے ۔ ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے ۔ کیونکہ اس کے بغیر خطے میں شدید بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments