نئے صوبے:ملک کی بہتری کیلئے سب کو مل کر چلنا چاہیے:زرداری،لاہور میں شجاعت سے ملاقات

نئے  صوبے:ملک  کی  بہتری  کیلئے  سب  کو  مل  کر  چلنا  چاہیے:زرداری،لاہور  میں  شجاعت  سے  ملاقات

دونوں رہنماؤں کا ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، نئے صوبوں کا تعلق عوام کی سہولت اور بہتر طرز حکمرانی سے ہے ،مضبوط انتظامی یونٹس بھی بہترین راستہ:شجاعت مریم نواز کے الفاظ پر افسوس ہوا ، شہبازشریف نے بتایا کہ انہوں نے سمجھا دیا :صدر ، عوام کی منشا کے مطابق تمام تر فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا :محسن نقوی

لاہور (محمد حسن رضا سے )صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ق)کے سربراہ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ ظہور الٰہی روڈ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی معاملات، امن و امان کے حوالے سے حکومتی اقدامات، نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین بھی شریک تھے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق براہ راست عوام کی سہولت، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے ۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام تر فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے سب کو مل کر چلنا چاہیے ، چودھری صاحب، میں آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔

صدر مملکت نے چودھری شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت، مدبرانہ سوچ اور قومی مفاہمت کے فروغ کیلئے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا اور سیاسی معاملات میں مثبت کردار ادا کیا ہے ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ صدر آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ واہ واہ، ماشائاللہ، کیسے ہیں چودھری صاحب؟ طبیعت کیسی ہے ؟ ۔چودھری شجاعت حسین نے جواب دیا کہ میں تو ٹھیک ہوں، آپ بتائیں آپ کی صحت کیسی ہے ؟ جس پر صدر مملکت نے کہا کہ بس اللہ تعالیٰ کا نظام ہے ، چل رہے ہیں، اللہ تعالیٰ کا بہت شکر ہے ۔چودھری شجاعت حسین نے صدر مملکت کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر صاحب! بہت شکریہ آپ تشریف لائے ، جب بھی لاہور آیا کریں، چکر لگایا کریں۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اجتماع سے خطاب میں جوالفاظ استعمال کئے اس پر مجھے بہت افسوس ہوا یہ نہیں کہنا چاہیے تھے مگر شہبازشریف نے بتایا کہ انہوں نے مریم کو سمجھایا ہے ۔ دوسری جانب ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملاقات میں قومی معاملات اور ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...