ناپا :جاوید صدیقی کا ڈرامہ’’بیگم جان ‘‘پیش کرنے کی تیاری
نمرہ بچہ، نائلہ جعفری اور پارس مسرور اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے ہدایات انجم ناز دیں گے،11 سے 22 ستمبر تک ہفتے میں 4دن پیش ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کے تحت ایک بار پھر بھارتی فلموں کے مقبول رائٹر و مکالمہ نگار جاوید صدیقی کا تحریر کردہ ا سٹیج ڈرامہ ’’بیگم جان ‘‘پیش کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ان دنوں ناپا میں ڈرامے کی ریہرسل جاری ہیں۔ مذکورہ ڈرامے میں ٹی وی و تھیٹر کی معروف فنکارہ نمرہ بچہ، نائلہ جعفری اور پارس مسرور اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔ ڈرامے کی ہدایا ت انجم ایاز دیں گے جبکہ ان کی معاونت اداکار اکبر اسلام کریں گے۔مذکورہ ڈرامہ اس سے قبل 2011ء میں پہلی بار آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تھیٹر میں کئی دنوں تک کامیابی سے پیش کیا گیا تھا۔ اس بار ڈرامے کو ناپا کے تھیٹر میں 11 ستمبر سے 22 ستمبر تک ایک ہفتے میں 4دن پیش کیا جائے گا۔ کہا جارہا ہے کہ تھیٹر سے دلچسپی رکھنے والے شائقین کے اصرار پر اس ڈرامے کو دوبارہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جس کے لیےٹی وی ڈرامہ آرٹسٹ نمرہ بچہ اور نائلہ جعفری نے خصوصی طور پر وقت دیا ہے۔ انہوں نے ٹی وی ڈراموں کی مصروفیات کی تھیٹر کے لیےقربا نی دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ معیاری تھیٹر کو فروغ دینے کے لیے ہم میدان میں آئے ہیں۔