امان اللہ کی وفات،شوبزحلقے افسردہ،تعزیت کرنیوالوں کا رش
کامیڈی کنگ کی وفات کے بعد پیدا ہونیوالا خلا پر نہیں ہو سکے گا:سہیل احمد ودیگرفنکار
لاہور(لیڈی رپورٹر سے )کامیڈی کنگ لیجنڈ امان اللہ خان کے 70سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہونے کے بعد شوبز حلقوں میں سوگ کی کیفیت ہے جبکہ مرحوم کے گھر تعزیت کیلئے آنیوالوں کا تانتا بندھا رہا ،امان اللہ خان کے انتقال پر متعدد فنکاروں نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے ۔اداکار سہیل احمد نے کہا کہ شوبز اور تھیٹر حلقوں کیلئے بہت بڑا نقصان ہوا ہے جو شاید پورا نہ ہوسکے ۔محمد قوی خاں نے کہا کہ کامیڈی کنگ کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد شوبز حلقوں کو نا قابل تلافی نقصان ہوا ۔غلام محی الدین نے کہا کہ کامیڈی کنگ کی وفات سے پیدا ہونیوالا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔شان نے کہا ہے کہ بطور انسان وہ بہت اچھے تھے ، اپنے غم اور پریشانیاں بھلا کر لوگوں کو ہنساتے تھے ۔ اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ امان اللہ نے پوری دنیا میں اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کر کے کامیڈی میں ایک بلند مقام حاصل کیا۔افتخار ٹھاکر نے کہا کہ امان اللہ ایک شفیق اور مہربان انسان تھے ، جونیئر ز کے ساتھ محبت اور بڑوں کا احترام کرتے تھے ، کامیڈی کنگ نے مجھے اور دیگر فنکاروں کو اداکاری اور خاص کر سٹیج پراداکاری کے گر سکھائے ۔نسیم وکی نے کہا کہ کامیڈی کنگ تھیٹر کے سائنس دان تھے ۔