برے وقت میں سب نے تعلق توڑ دیا تھا:جاوید شیخ
لاہور(آئی این پی)فلم و ٹی وی کے اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ جب برا وقت آیا تو انہیں فلاپ شخص قرار دیا گیا، ان سے پوری انڈسٹری نے تعلق توڑ کر انہیں اونچائی سے زمین پر لایا گیا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ 2002 میں انہوں نے فلم یہ دل آپ کا ہوا بنائی تو انڈسٹری کے 99 پوائنٹ 9 فیصد لوگوں نے اس کی ریلیز سے پہلے ہی فلم کو فلاپ قرار دیا۔ان کے مطابق یہ دل آپ کا ہوا سے قبل ان کی آخری فلم یس باس انتہائی بری طرح فلاپ ہوچکی تھی، جس کے بعد لوگوں نے انہیں فلاپ شخص کہنا شروع کردیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس وقت نہ پیسے تھے، نہ فلمیں تھیں اور نہ ہی کوئی ان کے ساتھ کام کرنے کو تیار تھا، ہر کوئی انہیں فلاپ شخص قرار دے کر لاہور سے کراچی جانے کا کہتا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت وہ اپنی رہائش گاہ سے فلم سٹوڈیو تک کسی سے لفٹ لے کر پہنچتے تھے۔