اسرائیل ہماری انسانیت کو بھی ختم کر رہا :سوارا بھاسکر پھٹ پڑیں
ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر غزہ میں النصر ہسپتال پر ہونے والے حملے میں صحافی سمیت دیگر افراد کے زندہ جل جانے پر پھٹ پڑیں۔۔
انسٹاگرام پر اداکارہ نے لکھا کہ میں بہت کوشش کرتی ہوں کہ میں اچھے کپڑے پہن کر تیار ہوں، میک اپ کر کے سیلفی پوسٹ کروں، میں اپنی بیٹی کی کھیلتے ہوئے پیاری پیاری تصاویر اور ریلیز بنانے کی کوشش کرتی ہوں، کبھی بے فکر ہو کر طرزِ زندگی پر مبنی پوسٹ پڑھنے ، دیکھنے کی کوشش کرتی ہوں، آن لائن شاپنگ میں دھیان لگانے کی کوشش کرتی ہوں اور وہ بھی خرید لیتی ہوں جس کی مجھے ضرورت نہیں لیکن یہ سب بھی مجھے غزہ کے بارے میں سوچے سے نہیں روک سکتا۔ میں ہر روز روتے ہوئے والدین کو دیکھتی ہوں جو اپنے مردہ بچوں کو گود میں لیے ہوتے ہیں، ایسے بچے جن کے سر اسرائیلی بمباری میں تن سے الگ ہو جاتے ہیں، حقیقی انسانوں کو بم سے اُڑا دیا جاتا ہے ، لوگ اپنے عزیزوں کے اعضاء پلاسٹک کے تھیلوں میں اٹھائے در بدر ہو رہے ہیں، آج ایک انسان کو خیمے میں زندہ جلا دیا گیا، ہم اس نسل کشی کو آرام سے دیکھ رہے ہیں۔ ہم سب آہستہ آہستہ بے حس ہو رہے ہیں، اسرائیل صرف غزہ یا فلسطین کو ختم نہیں کر رہا بلکہ وہ ہماری انسانیت کو بھی ختم کر رہا ہے ۔