الطاف حسین کی خطیبوں‌اور اماموں‌کے کوائف جمع کرنے کی ہدایت

الطاف حسین کی خطیبوں‌اور اماموں‌کے کوائف جمع کرنے کی ہدایت

کوائف بتانے سے انکار کرنیوالوں کے خانوں میں نوٹ لکھ دیا جائے تاکہ نام حکومت کو ارسال کیے جائیں اور حکومت خود معلومات حاصل کرے جوعلما ملالہ پر حملے کی مذمت نہ کریں عوام انکے پیچھے نمازپڑھنے کے بجائے ان مساجد کارخ کریں جہاں علما اسکی مذمت کررہے ہوں:بیان

لندن(سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک)ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی سمیت پاکستان بھر کے ایم کیو ایم کے تمام یونٹس اور زونز کے ذمہ دار اپنے علاقوں میں موجود ہر مدرسے کے سربراہ اور خطیبوں اور اماموں کے نام اور کوائف ایک ہفتے کے اندر اندر اپنے علاقوں کے تنظیمی دفاتر میں جمع کرائیں۔ ایم کیو ایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ سے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے کہا کہ یہ کوائف ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کو فی الفور بھیجے جائیں ۔ الطاف حسین نے ذمہ داران کو تاکید کی کہ جو علما اور خطیب اپنے کوائف بتانے سے انکار کریں تو انکے خانوں میں نوٹ لکھ دیا جائے تاکہ تفصیلات فی الفور جمع کر نے کے لیے انکے نام حکومت کو ارسال کیے جائیں اور حکومت خود یہ معلومات حاصل کرے ۔ الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ سب اِس لیے کیا جائے گا کیونکہ اِس میں ملک اور عوام کا مفاد ہے ۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے کہا کہ جوعلما اورخطیب نمازجمعہ کے خطبہ میں ملالہ پر طالبان دہشتگردوں کے حملے کی مذمت نہ کریں عوام ایسے علما کے پیچھے نمازپڑھنے کے بجائے ان مساجد کارخ کریں جہاں علما سفاکی کے اس واقعہ کی مذمت کررہے ہوں ۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پیشکش کی ہے کہ ملالہ یوسف زئی کوعلاج کیلئے بیرون ملک لیجانے کی صورت میں اگرحکومت سفری سہولتیں فراہم کردے تو ایم کیوایم بیرون ملک علاج کے اخراجات برداشت کرنے کیلئے تیارہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں