لیگی ارکان اسمبلی بھی عاصم ملک سے’’ فنڈز‘‘لیتے رہے ـ:جی ایم

 لیگی ارکان اسمبلی بھی عاصم ملک سے’’ فنڈز‘‘لیتے رہے ـ:جی ایم

انکشاف پراہم شخصیات سے رابطوں کا پتہ چلانے کیلئے موبائل فون ریکارڈبھی طلب عاصم ملک کاپاسپورٹ منسوخ ،ریڈوارنٹ کی ہدایات جاری،جائیداد کا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا

ایف آئی اے نے فیوچر کنسرن کے چیف ایگزیکٹو عاصم ملک کے جنرل منیجر ثاقب کو گرفتار کر لیا۔گرفتار کئے جانیوالے جنرل منیجر ثاقب نے دوران تفتیش بتایا کہ عاصم ملک مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے بعض ارکان اسمبلی کو فنڈز دیتا تھا اور اسے یقین دہائی کرائی جاتی تھی کہ اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہو گا ، جب کوئی شخص اپنے پیسوں کا مطالبہ کرتا تو مذکورہ ارکان اسمبلی اس مسئلے کو ختم کراتے تھے ۔جنرل منیجر ثاقب کے انکشافات کی روشنی میں ایف آئی اے نے موبائل فون کمپنیوں سے بعض اہم شخصیات کے ٹیلی فون کا ریکارڈ مانگ لیا ہے جن کا عاصم ملک کے ساتھ رابطہ ہے ۔جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے وقار حیدر نے عاصم ملک کی گرفتاری کے لئے 4 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور گزشتہ روزان کی گرفتاری کے لئے اسلام آباد ،سرگودھااورفیصل آباد میں چھاپے مارے لیکن کامیابی نہ ہوئی ۔جس کے بعدعاصم ملک کے متعلق پاسپورٹ، امیگریشن، انٹر پول حکام کو لیٹر جاری کر کے تمام ائیرپورٹس اور ائیر لائنز سے ریکارڈ مانگ لیا ، عاصم ملک کا پاسپورٹ منسوخ کرنے اور ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا بھی کہا گیا ہے ۔ امریکہ، آسٹریلیا، فرانس،لندن سے بھی معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی کہ عاصم ملک کے پاس ان ممالک کی شہریت تو نہیں ،عاصم ملک اوراس کی بیوی کی جائیداد کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں