کوئٹہ سے پنجاب جانے والی بسوں پر فائرنگ،3 افراد جاں بحق
تحصیل مچھ میں صادق آباد اور لاہور جانے والی دو بسوں پر حملہ، 9 مسافر زخمی
کوئٹہ(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع بولان میں پنجاب جانےوالے مسافر بسوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ۔ مسلح حملہ آوروں نے متعدد مسافروں کو بھی اغواءکرلیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گیتانی میں پیش آیا جہاں رات 9 بجے کے قریب مسلح حملہ آوروں نے ایک پہاڑی سے کوئٹہ سے صادق آباد اور کوئٹہ سے لاہور جانےوالی دو مسافر بسوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملے کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق اور ڈرائیور سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد حملہ آوروں نے پہاڑی سے اتر کر ایک بس کے متعدد مسافروں کو بھی یرغمال بناکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔کئی مسافر وں نے بھاگ کر جان بچائی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آوروں اور لیویز اہلکاروں کے مابین کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حملے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال مچھ اور وہاں سے کوئٹہ منتقل کر دی گئی۔ جاں بحق و زخمی ہونےوالوں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتاہے ۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے کراچی سے افغانستان نیٹو فورسزکیلئے سامان لیکر جانے والے کنٹینر پر فائرنگ کرکے 2افراد کو زخمی کردیا۔پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔