نواز شریف کی جان دھیرو بھائی امبانی نے بچائی، نیتن گڈکری

نواز شریف کی جان دھیرو بھائی امبانی نے بچائی، نیتن گڈکری

کلنٹن نےامبانی کی درخواست پر مشرف سے بات کی تھی ، سابق صدر بی جے پی کا دعویٰ

نئی دہلی (فارن ڈیسک ) بھارت میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر نیتن گڈکری نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز مشرف کے ہاتھوں تختہ الٹے جانے کے بعد میاں نواز شریف کی جان بھارت کے معروف صنعت کار دھیرو بھائی امبانی نے بچائی تھی۔ نیتن گڈکری نے بتایا ہے کہ دھیرو بھائی امبانی نے ممبئی میں ایک تقریب کے دوران امریکی صدر بل کلنٹن سے نواز شریف کی جاں بخشی کے لیے خصوصی استدعا کی۔ جس تقریب میں دھیرو امبانی نے بل کلنٹن سے یہ استدعا کی اس کا اہتمام مغربی ریاست مہا راشٹر کے اس وقت کے اپوزیشن لیڈر نیتن گڈکری نے کیا تھا۔ دھیرو بھائی امبانی کو ڈر تھا کہ جس طرح جنرل ضیا نے ذوالفقار علی بھٹو سے چھٹکارا حاصل کیا تھا اسی طرح پرویز مشرف بھی نواز شریف سے جان چھڑانا پسند کریں گے۔ نیتن گڈکری نے ان خیالات کا اظہار معروف صحافی ایم جے اکبر کی کتاب ’’دی شیڈ آف سورڈز‘‘ کے مراٹھی ترجمے کی تقریب رونمائی کے موقع کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں