مودی کوپاکستان کی علاقائی اہمیت کااحساس ہوگیا:اسلم بیگ

مودی کوپاکستان کی علاقائی اہمیت کااحساس ہوگیا:اسلم بیگ

مسلح افواج کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جنرل مرزا اسلم بیگ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی لاہور آمد اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات .............

لاہور(سلمان غنی)مسلح افواج کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جنرل مرزا اسلم بیگ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی لاہور آمد اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کو علاقائی صورتحال کے حوالہ سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کا عمل اور آگے بڑھنے کے حوالے سے گیند خود بھارت کی کورٹ میں ہے جبکہ کشمیر کی گتھی سلجھائے بغیر کوئی پاکستانی حکمران ایک سطح سے آگے نہیں جاسکتا، لہٰذا یہ سوچنا بھارتی حکمرانوں کا کام ہے کہ کشمیر پر بات چیت کا عمل کب اورکیسے شروع کرنا ہے ؟۔’دنیا نیوز‘سے خصوصی بات چیت میں جنرل(ر)اسلم بیگ کاکہناتھاکہ نریندر مودی کا آنا کوئی سادہ بات نہیں اسلئے کہ انکی پاکستان کے حوالے سے ،مسلمانوں کے حوالے سے ،بابری مسجد کے حوالے سے ایک سوچ اور اپروچ رہی ہے لیکن علاقائی صورتحال میں پاکستان کا بڑھتے ہوئے کردار اور اسکی علاقائی اہمیت وحیثیت نے نریندر مودی جیسے وزیراعظم کو مجبورکیا کہ پاکستان کو ڈرانے ،دھمکانے یا دیوار سے لگانے سے کام نہیں چلے گا،سنٹرل ایشیاسمیت اہم ممالک تک بھارت کی رسائی پاکستان کی مرضی و منشاکے بغیر ممکن نہیں اور پاکستان یہ راستے صرف جذبہ خیرسگالی کے تحت نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر پر پیشرفت سے مشروط کرتے ہوئے ہی کھول سکے گا کیونکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے کور ایشو ہے اور کوئی پاکستانی حکومت اس پر کمپرومائز کرنے کا تصور نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کیلئے ہیپی برتھ ڈے پیغام اور انکی نواسی کی شادی پر مبارکباد اپنی جگہ لیکن معاملات اور حالات تبھی بدلیں گے جب مسئلہ کشمیر پر پیشرفت ہوگی،نریندرمودی صرف وزیراعظم نوازشریف کی وضع داری اور مسکراہٹ پر نہ جائیں بلکہ یہ بھی یاد رکھیں کہ وہ ایک منتخب وزیراعظم کے طور پر قوم کے جذبات و احساسات جانتے ہیں اوروہ کریں گے وہی جو پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔دریں اثنائریٹائرڈ جنرل منشاء نے نواز،مودی ملاقات کو الارمنگ قرار دیتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی کا علاقائی صورتحال میں ایجنڈا ڈھکا چھپا نہیں،لہٰذا ہمیں اپنے ایجنڈاپر یکسوئی سے گامزن رہتے ہوئے مذاکراتی عمل چلانا چاہئے ۔انکاکہناتھا’یہ بھی سوچنے کی بات ہے کہ پاکستان پر چڑھ دوڑنے کی دھمکیاں دینے والا وزیراعظم اب خود پاکستان سے رجوع پر کیسے مجبور ہوا؟ وزیراعظم نوازشریف کو چاہئے کہ پاک بھارت تعلقات،مذاکراتی عمل سمیت نریندر مودی کے دورہ پرپارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں تاکہ اس حوالہ سے کوئی کنفیوژن نہ رہے ‘۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں