ڈسکہ وکلا قتل کیس‘سابق ایس ایچ او شہزاد وڑائچ کو 4بار سزائے موت
مجرم کو مقتولین کے ورثا کو 4لاکھ روپے معاوضہ بھی دیناہوگا، 30سال قید بھی کاٹناہوگی
گوجرانوالہ (وقائع نگارخصوصی ، دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری امتیاز احمد نے ڈسکہ بار کے صدر رانا خالد عباس اور عرفان چوہان ایڈووکیٹ کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ مقدمہ کی سماعت سنٹرل جیل کے کورٹ روم میں ہوئی ،فیصلے میں سابق ایس ایچ او شہزاد وڑائچ کو 4 مرتبہ سزائے موت اور مجرم کو مقتولین کے ورثا کو 4 لاکھ روپے معاوضہ اور دیت کی ادائیگی کا حکم دیا گیا۔ عدالت نے جہاں زیب ساہی ایڈووکیٹ اور 2 راہگیروں ضیا اللہ اور عباس مسیح کو زخمی کرنے کے جرم میں مجرم کو 30سال قید اور ڈیڑھ لاکھ جرمانہ کا حکم دیا جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ پر مجرم کو مزید18ماہ قید بھگتنا ہو گی ۔فاضل جج نے مجرم کو دیت کا 1/3جمع کروانیکا حکم دیا ۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے 35گواہ پیش کئے گئے ۔ فاضل جج نے تھانہ کے باہر ہجوم پر فائرنگ کر کے ایک وکیل سمیع اللہ ایڈووکیٹ کو زخمی کرنے کے اقدام قتل کے مقدمہ میں سابق ایس ایچ او شہزاد وڑائچ کو بری کر دیا ۔