سعودی عرب میں 364 پاکستانی قید ہیں ،حکومت
سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ سعودی عرب کے مختلف
اسلام آباد (وقائع نگار) شہروں میں 364پاکستانی قید ہیں،عدالتی کارروائی اور تفتیش کے دوران سعودی حکومت ملزموں کو ترجمے کی سہولت فراہم کرتی ہے ’ قیدیوں کے لئے قونصلر سطح کی رسائی کا انتظام بھی موجود ہے ۔ وزارت خارجہ کی طرف سے تحریری جواب میں بتایا گیاکہ وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی مظالم اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے واقعات کے بعد دنیا کے گیارہ اہم ممالک میں 22 خصوصی وفود بھجوائے ۔ خصوصی ایلچیوں کے دورے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز پیر صدرالدین راشدی نے ایوان کو بتایا کہ پچھلے تین سال کے دوران 3438 افراد کو اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذریعے بیرون ملک بھجوایا گیا ہے ۔پنجاب سے 2294’ سندھ سے 529 ’ خیبر پختونخوا سے 438’ بلوچستان سے 41’ آزاد کشمیر سے 37’ گلگت بلتستان سے سات’ قبائلی علاقوں سے 22 اور وفاقی دارالحکومت سے 70 افراد بیرون ملک گئے ۔ ای او بی آئی کی کم از کم پنشن 5250 روپے ہے ’ پنشن میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ ای او بی آئی نے بینک الفلاح کے ساتھ ای او بی آئی پنشنرز کو کسی بھی بینک سے بذریعہ اے ٹی ایم مشین پنشن نکالنے کی سہولت فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔ باقاعدہ بولی کے بعد معاہدہ کیا گیا۔ وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے بتایا کہ بلوچستان میں فائن آرٹس یونیورسٹی کے قیام کی تجویز پر غور کیا جائے گا’ سرکاری شعبے میں فائن آرٹس کی ڈگری دینے والے دو ادارے قائم ہیں جبکہ 28 یونیورسٹیوں میں فائن آرٹس کے شعبے کام کر رہے ہیں ۔بلوچستان کے ڈگری ہولڈر طلبہ سے ٹیوشن فیس وصول نہیں کی جاتی۔ حکومت پولیو پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے کہا کہ پچھلے چار سال کے دوران سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کے لئے وفاقی حکومت نے کوئی فنڈز مختص نہیں کئے ۔