مردم شماری پر تحفظا ت ،سوشل میڈیا کے خلاف اعلان جمہوریت پر حملہ ہے :بلاول
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مردم شماری پر بلوچستان کے ساتھ ہمارے بھی تحفظات ہیں
لاہور(سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مردم شماری پر بلوچستان کے ساتھ ہمارے بھی تحفظات ہیں ، یہ اہم معاملہ ہے اسے غیر متنازعہ بنایا جائے ۔سینیٹر کاظم خان کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے خلاف بیان دینے والوں کے خلاف حکومتی اعلان جمہوریت اور آزادی اظہاررائے پر حملہ ہے ،سوشل میڈیا پوری دنیا میں چلتا ہے اور یہ آزادی اظہار رائے اور صحافت کے حوالے سے ایک اثاثہ ہے ، حکومتی اقدام کی ہم مخالفت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم کو سندھ آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں سکیورٹی بھی فراہم کرتے ہیں مگر بد قسمتی سے وہ پنجاب میں یہ معیار نہیں اپناتے ، پی پی کو یکساں ماحول فراہم کیا جائے ، میرا ملتان میں جلسہ سکیورٹی نہ ملنے کے باعث منسوخ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو قتل کیاجارہا ہے ہمارے عہدیداروں پر حملے ہو رہے ہیں یہ جمہوری طریقہ نہیں ۔ دریں اثنا بلاول بھٹو نے وسطی پنجاب کے تنظیمی عہدیداروں کے لئے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل کرلیا۔ آخری مرحلے میں لاہور اورقصور کے اضلاع کے لئے انٹرویوز کیے گئے ، اگلے چند روز میں عہدیداروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔بلاول بھٹو6 روزہ دورہ مکمل کرکے کراچی روانہ ہوگئے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چندروز میں آصف علی زرداری لاہورپہنچ رہے ہیں۔