خواجہ آصف کے بعد ا حسن اقبال کی باری ہے ،ہارو ن الرشید
مہران بینک اور پرویز مشرف کے مقدمات پہلے سے التوا ء کا شکار ہیں، مظہر عباس لوگ سیاستدانوں سے مایوس ہوکر عدالتوں کے پاس جاتے ہیں، ڈاکٹر خالد، ’’آن دی فرنٹ‘‘
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ممتاز صحافی اور سیاسی تجزیہ کار ہارو ن الرشید نے کہا ہے کہ خواجہ آصف وزیر خارجہ کے منصب پر فائز تھے ، آخر انہیں ایسی کیا مجبوری تھی کہ انہوں نے ایک غیر ملکی کمپنی سے لیبرکنٹریکٹ کیا،خواجہ آصف کے بعد احسن اقبال کی باری ہے کیونکہ وہ بھی فخریہ طور پر یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ ان کے پاس مدینہ منورہ کا اقامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے علمبردار میاں نواز شریف نے عجیب و غریب فلسفہ گھڑلیا ہے کہ عوام سے ووٹ لینے والوں اور منتخب ہونے والوں کا احترام کیا جانا چاہیے چاہے وہ کتنے ہی کرپٹ ہوں ۔ تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا تھا کہ بحیثیت صحافی اگر میں اپنی کل وقتی ملازمت کے علاوہ کسی اور جگہ وقتی ملازمت کرتا ہوں تو میں اخلاقاً اور قانوناً ایک صحافی ہونے کے استحقاق سے محروم ہوجاتا ہوں ،اس اصول کے تحت عدالت نے خواجہ آصف کو قانون کی گرفت میں لاکر سزا سنائی ہے ، خواجہ آصف سے پہلے مہران بینک اور پرویز مشرف کے مقدمات بھی التوا ء میں پڑے ہوئے ہیں۔گورنمنٹ کالج لاہور یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر ڈاکٹر خالد آفتاب نے کہا کہ لوگ سیاستدانوں سے مایوس ہوکر عدالتوں کے پاس جاتے ہیں۔