عالمی رینکنگ، پاکستان پہلی 100یونیورسٹیوں میں جگہ بنانے میں ناکام
جی سی یونیورسٹی لاہور سمیت 10درسگاہیں ایشیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل 2019میں جی سی یو کی رینکنگ مزید بہتر ہوگی،حکومت فنڈز فراہم کرے ،وائس چانسلر
لاہور(نمائندہ دنیا) ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ میں پہلی 100یونیورسٹیوں میں پاکستان جگہ نہ بنا سکا۔ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیئے جانیوالے 50ممالک کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ 2018 میں جی سی یونیورسٹی لاہور سمیت پاکستان کی 10درسگاہوں کو ایشیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کیا ہے ،ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے دوسری مرتبہ جی سی یونیورسٹی کو عالمی رینکنگ میں شامل کیا گیاہے جس کی وجہ یونیورسٹی کے تحقیقی مقالوں اور پی ایچ ڈی فیکلٹی میں اضافہ ہے ، قبل ازیں جی سی یونیورسٹی لاہور کو ایشیا کی بہترین چارسو یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیاتھا۔ابھرتی معیشت قرار دیئے جانیوالے 50ممالک کی یونیورسٹیوں میں جی سی یو نیورسٹی لاہورکی رینکنگ 351پلس ہے جبکہ قائد اعظم یونیورسٹی سمیت پاکستان کی 10یونیورسٹیاں اس رینکنگ میں شامل ہیں ۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا انہیں امید ہے کہ 2019 میں جی سی یو کی رینکنگ مزید بہتر ہوگی،سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہم فیس سٹرکچر میں اضافہ کیے بغیر اپنے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں۔حکومت سے درخواست ہے کہ یونیورسٹی کو فنڈ فراہم کرے تاکہ یہ تاریخی ادارہ عالمی سطح پربھی ملک کا نام روشن کر سکے ۔