پی ٹی آئی نے یونائیٹڈ پارٹی سے مفاہمت کی کوشش تیز کر دی
تحریک انصاف نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ساتھ مفاہمت کے لیے کوششیں تیز کر دیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ساتھ مفاہمت کے لیے کوششیں تیز کر دیں۔ سندھ بھرمیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت متفقہ امیدواروں کے انتخاب پراتفاق کر لیا گیا۔ حیدر منزل کراچی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور تحریک انصاف کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید جلال محمود شاہ ، سینئر نائب صدر سید زین شاہ، روشن علی برڑو، امیر علی تھیبو اور دیگر نے شرکت کی، جب کہ تحریک انصاف کی طرف سے ڈاکٹر عارف علوی، لیاقت علی جتوئی، افتخار حسین سومرو، مشتاق جتوئی اور خالد راجپرنے شرکت کی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی خراب حکمرانی اور کرپشن کی وجہ سے سندھ تباہ ہو گیا، ایس یو پی اور پی ٹی آئی کرپشن کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہی ہیں۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ آصف زرداری اور ان کے حواریوں کا الیکشن سے پہلے احتساب ہونا چاہیے ۔