قومی اسمبلی کے 2دن باقی کلثوم نواز حلف نہ اٹھا سکیں
موجودہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے میں صرف 2 دن باقی ہیں
لاہور(عمیر لطیف)موجودہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے میں صرف 2 دن باقی ہیں ، لیکن حلقہ این اے 120سے منتخب رکن قومی اسمبلی سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز بوجہ علالت7ماہ 10دن بعد بھی اپنی رکنیت کاحلف نہ اٹھاسکیں ۔ سابق خاتون اول اپنے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے روز ہی الیکشن سے 1ماہ قبل لندن علاج کیلئے روانہ ہوگئی تھیں اور اسی وجہ سے وہ اپنی الیکشن مہم میں بھی شرکت نہ کرسکیں۔الیکشن جیتنے کے بعد سے گزشتہ7ماہ کے دوران حلقہ کے عوام اورعوامی نمائندے کے درمیان پیدا ہونیوالے اس خلا کو پوراکرنے کیلئے مریم نواز اور حمزہ شہباز کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔الیکشن2018 کی آمد کے ساتھ ہی مخالفین کی جانب سے حلقہ میں یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے نا اہلی کے بعدسیٹ اپنے ہی گھر میں رکھنے کیلئے ایک غیرمتحرک شخصیت کو منتخب کرایا جوکہ حلقے کے ووٹرز کے ووٹ کیساتھ انصاف نہ ہے ۔ لیگی حلقوں میں بھی اس حوالے سے تحفظات کااظہار کیا جارہاہے اور کئی دہائیوں سے پارٹی کے ساتھ وابستہ کارکنان کاکہنا ہے ن لیگ کا گڑھ کہلانے والے اس حلقہ میں 2017 کے الیکشن میں کسی ایسی شخصیت کومنتخب کرانا چاہیے تھا جو حلقہ میں زور پکڑتی تحریک انصاف کی سیاسی طاقت کے سامنے بندباندھنے کیلئے حلقہ کووقت دے سکتااور ان کے مسائل کے حل میں پیش پیش رہتا ۔حلقہ کے بیشتر سیاسی اکابرین کی جانب سے اب بھی مخالف جماعت تحریک انصاف کے مقابلے میں14646 ووٹوں کی اکثریت سے جیت کو اتنی بڑی لیڈ تصور نہیں کیاجارہا۔ ان کی رائے ہے کہ گزشتہ7ماہ کے دوران منتخب نمائندہ کاحلقہ کے کارکنان کے ساتھ رابطہ نہ رکھنا اورقومی اسمبلی میں حلقہ کی نمائندگی نہ ہونا لیگی ووٹرز کی دل شکنی کاباعث بناہے ۔