پٹرولیم مصنوعات ایک سال میں 40روپے فی لٹر تک مہنگی

 پٹرولیم مصنوعات ایک سال میں 40روپے فی لٹر تک مہنگی

پٹرول پر 12،ہائی سپیڈ ڈیزل 24،لائٹ ڈیزل 9،مٹی کے تیل پر 12فیصد سیلز ٹیکس عائد عوام سے پٹرولیم لیوی ،او ایم سی ،ڈیلرز مارجن ،ایکسائز ڈیوٹی الگ سے وصول کی جاتی ہے

اسلام آباد (وقا ئع نگار خصوصی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچھلے ایک سال کے دوران 40روپے 34پیسے فی لٹر تک اضافہ کیا گیا ہے ۔پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 4سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ، پٹرول 19روپے 16پیسے ،ہائی سپیڈ ڈیزل 23روپے 91پیسے ،مٹی کا تیل 40روپے 34پیسے اورلائٹ ڈیزل 30روپے 99پیسے فی لٹر مہنگا ہوا ۔ دستاویز کے مطابق پٹرول کی قیمت 72روپے 80پیسے سے بڑھا کر 91روپے 96پیسے ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 81روپے 40پیسے سے بڑھا کر 105روپے 31پیسے ،مٹی کے تیل کی قیمت44روپے سے بڑھا کر 84روپے 34پیسے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت 44روپے سے بڑھاکر 74روپے 99پیسے فی لٹر کر دی گئی ۔ پٹرول پر اس وقت 12فیصد ،ہائی سپیڈ ڈیزل 24فیصد،لائٹ ڈیزل 9اور مٹی کے تیل پر 12فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے ،عوام سے پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی ،او ایم سی مارجن ،ڈیلرز مارجن ،ایکسائز ڈیوٹی اور ان لینڈ فریٹ الگ سے وصول کیا جاتا ہے ۔گز شتہ ایک سال میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 29ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہو ا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں