پی آئی اے کی پہلی حج پرواز آج 300عازمین لیکر مدینہ روانہ

پی آئی اے کی پہلی حج پرواز آج 300عازمین لیکر مدینہ روانہ

اسلام آباد اور کراچی سے عازمین کو رخصت کیا جائیگا،سلسلہ 15اگست تک جاری رہیگا

کراچی(صباح نیوز)پی آئی اے نے قبل از حج آپریشن کا فلائٹ شیڈول جاری کر دیا، پہلی خصوصی حج پرواز آج (14جولائی) کراچی سے 300عازمین کولے کر مدینہ روانہ ہوگی۔ ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق جناح ٹرمینل سے پہلی خصوصی پرواز پی کے 7001مدینہ روانہ ہوگی جس میں300عازمین ہوں گے جن کو پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان سمیت دیگر افسران الوداع کریں گے ۔ دوسری خصوصی حج پرواز پی کے 7003 تین سو عازمین لے کر آج صبح 6بج کر 55منٹ پر اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہوگی، تیسری حج پرواز پی کے 7017 سولہ جولائی کو دوپہر ڈھائی بجے 300 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی، چوتھی حج پرواز پی کے 0763 سترہ جولائی کو فیصل آباد سے دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر 300 کے قریب عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہوگی۔ ترجمان کے مطابق 250 خصوصی اور شیڈولڈ پروازوں کے ذریعے 60 ہزار عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا، پی آئی اے اپنے طیاروں کے ذریعے حج آپریشن مکمل کرے گی، قومی ایئر لائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کریں گے ، عازمین حج کی 14 جولائی کو شروع ہونے والی روانگی کا سلسلہ 15اگست تک جاری رہے گا، جبکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے بعد از حج آپریشن 27 اگست سے شروع کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں