سعودی حکومت کا بلوچستان کے طلباء کیلئے 50وظائف کا اعلان

سعودی حکومت کا بلوچستان کے طلباء کیلئے 50وظائف کا اعلان

وظائف گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ سطح پر طلبا کو دیئے جائینگے ، اگلے سال تعداد دگنی سعودی سفیر کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، وظائف سے آگاہ کیا، باہمی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(نامہ نگار) سعودی عرب کی حکومت نے بلوچستان کے طلبا کو سعودی عرب کی بہترین جامعات میں اعلیٰ تعلیم کیلئے 50وظائف دینے کا اعلان کیا ہے ، یہ وظائف گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ سطح پر طلبا کو دیئے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب اور نادار طلبا کے اعلیٰ تعلیم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مدد دی جا سکے ۔ طلبا کو تعلیم اور دیگر تمام اخراجات کے علاوہ ماہانہ اعزازیہ بھی دیا جائے گا، وظائف کی تعداد اگلے سال دگنی کر دی جائے گی۔ سعودی سفیر نواف بن سید المالکی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور وظائف کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی ذاتی کاوشوں سے بلوچستان کے عوام کیلئے فلاحی کاموں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے پاکستان اور سعودی عرب مل کر کوششیں کر سکتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے سعودی سفیر کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، انہوں نے بلوچستان کے طلبا کیلئے وظائف 2019میں دگنا کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں