وزیراعظم کوپومپیو کی فون کال،تفصیل سے دفترخارجہ آگاہ تھا
امریکی وزیرخارجہ پاکستان آرہے ہیں معاملہ پر بحث فائدہ مندنہیں،ذرائع دفترخارجہ وزیراعظم کو وزیرخارجہ کی بجائے امریکی صدرسے بات کی تجویزکی تصدیق نہ ہوسکی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزارت خارجہ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی بجائے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا نائب صدر سے فون پر بات کی تجویز پیش کی گئی تھی اور کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب امریکہ کے وزیر خارجہ چند دنوں میں پاکستان کے دورے پر آنے والے ہیں اس طرح کی باتیں فائدہ مندنہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قسم کی بحث معاملات کو الجھانے کے سوا کچھ نہیں ہے ۔دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھاکہ وزارت خارجہ کا کام کسی بھی معاملہ پر رائے دینا ہے باقی فیصلہ وزیراعظم یا وزیر خارجہ کو کرنا ہوتا ہے ۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ کی عمران خان کو فون کال کی تفصیلات سے دفتر خارجہ کے حکام کو آگاہ کیا گیا تھا۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم کا مکمل اختیار ہے کہ وہ قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے کسی دوسرے ملک کو امداد کی پیشکش کریں، اس لئے کیرالہ کے سیلاب زدگان کو امداد کی پیشکش قابل اعتراض بات نہیں۔