عارف علوی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنیوالے 9ویں صدر ہونگے
پچھلے 33سالوں میں پاکستان کے 8صدور مجلس شوریٰ سے 27مرتبہ خطاب کر چکے ہیں ضیا ،اسحق نے 5، 5، مشرف1،ممنون 4اور زرداری نے سب سے زیادہ 6مرتبہ خطاب کیا
اسلام آباد(سہیل خان )پچھلے 33 سالوں کے دوران مملکت خداداد پاکستان کے 8صدور (پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس)مجلس شوریٰ سے آئینی تقاضا پوراکرتے ہوئے 27مرتبہ خطاب کر چکے ہیں جبکہ 13 ستمبر 2018کو موجود صدر ڈاکٹر عارف علوی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنیوالے 9ویں صدر ہونگے،23مارچ 1985کوضیاء الحق نے پہلی بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیاپھر 30 دسمبر 1985کو دوسری بار ،8جولائی 1986کو تیسری مرتبہ، 19 اپریل 1987کو چوتھی اور 7اپریل 1988کو پانچویں مرتبہ خطاب کیا، ضیاء الحق کی وفات کے بعد 14دسمبر 1988ء کو صدر غلام اسحاق خان نے پہلی بار، 2دسمبر 1989کو دوسری مرتبہ، 8نومبر 1990کو تیسری بار، 19دسمبر 1991کو چوتھی مرتبہ اور 22دسمبر 1992ء کو پانچویں مرتبہ مجلس شوریٰ سے خطاب کیا ۔اس کے بعد 27اکتوبر 1993ء کو وسیم سجاد نے بطورصدر خطاب کیا،14 نومبر 1994ء کو فاروق احمد خان لغاری نے پہلی بار اور 29اکتوبر 1995ء کو تیسری بار خطاب کیا ۔ 1996ء میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا ہی نہیں گیا اور 26 مارچ 1997ء کو فاروق لغاری نے تیسری بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا،23 فروری 1998ء کو رفیق احمد تارڑ نے بطور صدر مملکت پہلی مرتبہ، 11مارچ 1999ء کو دوسری مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، مارچ 1999ء سے جنوری 2004ء تک پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا ہی نہیں گیا ۔ 17جنوری 2004ء کو پرویزمشرف نے بطور صدرپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا جس میں ان کے ''مکا'' دکھانے کو ہدف تنقید بھی بنایا گیا تھا، 20ستمبر2008کو بطورصدرآصف علی زرداری نے پہلی مرتبہ، 28مارچ 2009ء کو دوسری مرتبہ، 5اپریل 2010کوتیسری مرتبہ، 22مارچ 2011ء کو چوتھی مرتبہ،17 مارچ 2012ء کوپانچویں مرتبہ اور 10جون2013ء کوچھٹی مرتبہ مجلس شوریٰ سے خطاب کیا، 2جون 2014ء کوصدرممنون حسین نے پہلی مرتبہ، 4جون 2015ء کو دوسری مرتبہ ،یکم جون 2016کوتیسری مرتبہ اور 2017میں چوتھی مرتبہ خطاب کیا ، اس طرح 1985ء سے 1988ء تک ضیاء الحق نے 5مرتبہ، غلام اسحا ق خان نے 5مرتبہ، وسیم سجاد نے 1مرتبہ ، فاروق لغاری نے 3مرتبہ، رفیق تارڑ نے 2مرتبہ، آصف علی زرداری نے 6 مرتبہ اور ممنون حسین نے 3مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا ۔ آصف زرداری اب تک واحد صدرہیں جنہوں نے سب سے زیادہ 6 مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کر کے آئینی تقاضا پورے کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔