بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں کی نئی پالیسی
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بیوروکریسی کے تبادلوں و تقرری کیلئے نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے
(ایس ایم زمان) ۔ وزیراعظم عمران خان نے مذکورہ پالیسی پر عمل درآمد کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی منظور کردہ پالیسی کے تحت وفاقی وزارتوں، ڈویژن ، محکموں اور صوبوں میں 10سال سے تعینات افسران کو دوسرے صوبوں میں بھجوایا جائے گا اور پانچ سال سے تعینات افسران کے تبادلے کیے جائیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کے تحت آئندہ دو ماہ میں بڑ ے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں کی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی منظور کردہ پالیسی کے مطابق پولیس سروس ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ، سیکرٹریٹ سروس ، آڈٹ اینڈ اکائونٹس ، ریلوے ، انفارمیشن سروس ، خارجہ امور ، کامرس اینڈ ٹریڈ سمیت دیگر سروس کیڈر کے گریڈ 17تا 22کے افسران کی 10سال سے زائد کسی وزارت ، ڈویژن ،محکمے اور صوبے میں تعیناتی نہیں کی جائے گی اور پانچ سال سے ایک اسامی پر تعینات افسران کو کسی دوسری اسامی پر تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمرا ن خان کی منظور کردہ پالیسی کے مطابق صوبوں میں 10 سال سے تعینات گریڈ 17تا 22کے افسران کو فوری طور پر دوسرے صوبوں ، وفاقی وزارتوں، ڈویژن اور محکموں میں تبدیل کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی منظور کردہ پالیسی پر عمل درآمد کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے صوبائی حکومتوں کومراسلے لکھ دئیے ہیں جس میں گریڈ 17تا 22کے افسران کی تعیناتی کی تفصیل طلب کی گئی ہے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پولیس سروس ، پاکستا ن ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 17تا 22 کے افسرا ن کی فہرست تیار کرنا شروع کردی ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں،ڈویژن اور محکموں میں 5 تا 10سال سے تعینات افسران کے تبادلوں کے منصوبہ پر کام شروع کردیا ہے ۔