سی ایس ایس امتحان کیلئے کم از کم عمر21سال ،تین بار فیل ہونیوالا تاحیات نااہل ،ترمیمی قانون جاری
فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس امتحان کیلئے ترمیمی قانون کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) ترمیم شدہ قانون کے مطابق 12پروفیشنل اور سرو س گروپ کی گریڈ 17کی اسامیوں پر تقرری کیلئے ہونے والے تحریری امتحان کے نمبر 1200 ، میڈیکل ، سائیکالوجی ٹیسٹ اور انٹرویو کے 300 اور مجموعی نمبر 1500ہوں گے ۔ لازمی مضامین کے 600نمبر میں کامیابی کیلئے 40 فیصد اور اختیاری مضامین میں کامیابی کیلئے 33فیصد نمبر اور مجموعی طور پر تحریری امتحان میں 50فیصد اور میڈیکل سائیکالوجی او رانٹرویو کے 300میں سے کامیابی کیلئے 100نمبر حاصل کرنا لازمی ہوں گے ۔پولیس اور ریلوے سروس کیلئے فوج کی طرز پر امیدواروں کا میڈیکل ، سائیکالوجی ٹیسٹ اور قد ، چھاتی او رنظر کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔ سی ایس ایس امتحان کیلئے امیدوار کی کم سے کم عمر 21سال اور زیادہ سے زیادہ سے 30ہوگی جبکہ سرکاری ملازمین اور خاص صوبے و علاقہ اور مذہب کے افراد کیلئے 2سال تک رعایت دی جائے گی۔ سی ایس ایس امتحا ن میں تین مرتبہ فیل ہونے امیدوار تاحیات امتحان کیلئے نااہل ہوجائیں گے ۔