پنجاب:پرویز الٰہی کو ن لیگ کا توڑ کرنے کی ذمہ داری مل گئی
تحریک انصاف کے ارکان توڑے گئے تو ن لیگ میں فارورڈ بلاک بنایا جائیگا عمران خان سے چودھری برادران کی ملاقات میں صوبائی حکومت پر گفتگو ہوئی
لاہور(اخلاق باجوہ )پنجاب میں حکومت کی تبدیلی اور مسلم لیگ ن کی کوششوں کا توڑ کرنے کے لیے تحریک انصاف نے حکمت عملی تیار کرلی۔جس کے تحت چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کی اہم وکٹ پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم اور چودھری برادران کے درمیان 3 روز قبل ہونے والی ملاقات میں معاملات طے پاگئے ۔ وزیراعظم عمران خا ن نے موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے چودھری پرویز الٰہی کو اہم ذمہ داری سونپ دی ہے ۔پرویز الٰہی ناراض اراکین سے رابطے کریں گے جبکہ ن لیگ کی جانب سے اگر کوئی پیش رفت ہوتی ہے تو وہ اس کا توڑ بھی کریں گے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کو گرین سگنل بھی دے دیا ہے کہ اگر ن لیگ تحریک انصاف کے ارکان توڑتی ہے تو اسپیکر پنجاب اسمبلی ن لیگ کے اندر موجود اپنے ہمدردوں کی مدد سے فارورڈ بلاک قائم کریں گے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں چودھری برادران نے وزیراعظم کو پنجاب کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت کی تبدیلی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں اور تحریک انصاف کے ناراض اراکین اور آزاد ارکان تبدیلی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے کچھ ناراض اراکین ن لیگ سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں ،اگر ان اراکین کے تحفظات دور نہ کئے گئے تو وہ اپنی وفاداریاں تبدیل کر سکتے ہیں۔ حکومتی اراکین اسمبلی کو نہ تو فنڈز مل رہے ہیں اور نہ ہی ان کے جائز کام ہورہے ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو بڑا نقصان ہوسکتاہے ۔ ذمہ داری مل گئی