اختر مینگل تحریک انصاف سے ناراض کیوں?
بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ )اور پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ،مرکز میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ آج کراچی میں پارٹی کے سنٹرل کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
(عرفان سعید ) ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات بلوچستان میں سینیٹ کی خالی نشست کے لیے تحریک انصاف کے بی این پی کی حمایت نہ کرنے اور بی این پی مینگل کی جانب سے مرکزی حکومت کو پیش کئے جانے والے چھ نکات پر عمل نہ ہونے کی بنیاد پر پیداہورہے ہیں۔ بی این پی مینگل کی گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت بھی اس طرف واضح اشارہ ہے کہ بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے اہم فیصلہ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے اس وقت قومی اسمبلی میں بی این پی مینگل کے چار ارکان کی پی ٹی آئی کو حمایت حاصل ہے گزشتہ دنوں سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست کے لئے بی این پی نے اپنے امیدوار کے لئے پی ٹی آئی سے حمایت مانگی تھی لیکن پی ٹی آئی نے بی این پی کے بجائے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار کے حق میں ووٹ استعمال کیا جس کے بعد بی این پی مینگل کے رہنمائوں کی جانب سے پارٹی کے سربراہ پر یہ دبائو بڑھتا جارہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی سے مرکز میں اپنے اتحاد پر نظر ثانی کریں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا اجلاس کی صدارت سردار اختر مینگل کرینگے جس میں مرکز میں حکومت کا ساتھ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔