امریکی کمپنی کا پاکستان میں کاروبار کو توسیع دینے کا فیصلہ

امریکی کمپنی کا پاکستان میں کاروبار کو توسیع دینے کا فیصلہ

معروف امریکی کمپنی کارگل نے پاکستان میں 20کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے ۔

اسلام آباد (اے پی پی) معروف امریکی کمپنی کارگل نے پاکستان میں 20کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے ۔ کارگل کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ عمران نصر اللہ نے کہا ان کی کمپنی پاکستان میں تین دہائیوں سے زائد عرصہ سے مختلف شعبہ جات میں خدمات فراہم کررہی ہے ،کمپنی نے پورٹ انفراسٹرکچر میں اپنے کاروبار کوتوسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آئندہ تین یا پانچ سال کے دوران مقامی کمپنیوں کے اشتراک سے انفراسٹرکچر، خوردنی تیل کے کارخانوں، پولٹری اور جانوروں کے لئے غذا تیار کرنے سمیت ڈیری کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کارگل کاگزشتہ سال کے دوران پاکستان میں کاروباری حجم ایک ارب ڈالر سے زائد رہا ہے ،پاکستان میں ڈیری کی صنعت میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اس وقت پاکستان میں صرف 5 فیصد دودھ کی پراسیسنگ کی جاتی ہے جس کو آئندہ چند سال کے دوران 20 سے 25 فیصد تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی پاکستان سے چینی، گندم اور کپاس کی برآمد کے کاروبار وغیرہ سے بھی منسلک ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں