وزیر اعظم پر تنقید،گلوکار جواد احمد کو تقریر سے روک د یا گیا
فیصل آباد میں سوشل میڈیا سیمینار کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کے نعرے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)معروف گلوکار جواد احمد کو وزیر اعظم پر تنقید مہنگی پڑگئی، فیصل آباد میں پروگرام کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان سے مائیک چھین لیا اور ڈائس سے ہٹادیا گیا ، آرپی او نے معاملہ رفع دفع کروادیا، گزشتہ روز نصرت فتح علی آڈیٹوریم آرٹس کونسل میں منعقدہ سوشل میڈیا سیمینار میں پاکستان کے معروف سنگر جواد احمد تقریر کیلئے سٹیج پر پہنچنے اور اپنی گفتگوکے دوران انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا جس پرتحریک انصاف کے رہنما سٹی میئر کے امیدوار ندیم صادق ڈوگر کے بھائی بابر ڈوگر اور سٹی میئرکے امیدوار رانا زاہد محمود نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے نہ صرف جواد احمدسے مائیک چھین لیا بلکہ ان کو ڈائس سے ہٹادیا، شدید بدنظمی کا شکار ہونے والی تقریب میں جواد احمد کو انتظامیہ نے دوسری جانب بٹھادیا، اس موقع پر جواد احمد کو سٹیج سے ہٹانے والوں کاکہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی جانے والی تقریب کو جواد احمد نے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی اس موقع پر موجود ریجنل پولیس افسر سردارغلام محمود ڈوگر نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کروادیا اور تقریب کو نئے سرے سے شروع کروایا گیاتاہم جواد احمد تقریب کو ادھورا چھوڑ کر واپس چلے گئے ۔