منزل نصیب،نواز شریف لندن تک چپ رہیں گے، تھنک ٹینک

منزل نصیب،نواز شریف لندن تک چپ رہیں گے، تھنک ٹینک

نواز سے بڑا کوئی استاد نہیں، کیوں نکالا،ووٹ کو عزت والی بات گئی،ایازامیر این آر او ہوچکا ، پلی بارگین بارے اگر کچھ ہوا تو خفیہ ہی ہوگا،ہارون الرشید نواز گئے تو واپس آئینگے، سلمان غنی، نواز،شہبازجیل میں رہیں ہو نہیں سکتا،خاور گھمن

لاہور(دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیرنے کہاہے نواز شریف لندن تک چپ رہیں گے ، ہر ایک کو منزل نصیب ہو، اب مجھے کیوں نکالا والی بات اور ووٹ کو عزت دو والی بات گئی۔ پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا اعتزاز احسن قانون دان پہلے ہی تھے لیکن اب وہ پاکستان میں پراپرٹی کے سب سے بڑے قانون دان ہیں، نواز شریف کا ٹریک ریکارڈ درخشاں ہے ، دس سال کا معاہدہ تھا جس کو کہا گیا نہیں ہوا لیکن جب پرنس مقرن نے بات کی تو کہا معاہدہ پانچ سال کا تھا، ان سے بڑا استاد کوئی نہیں ۔سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا عمران خان کہتے تھے این آر او نہیں ہونے دوں گا لیکن ہوچکاہے ،جہاں تک ہوسکتا تھا ، دروازہ ان کے لئے کھل چکاہے ، پلی بارگین کے حوالے سے اگر کچھ ہوا تو خفیہ ہی ہوگا ،کیونکہ علانیہ کرکے تو اپنی سیاسی موت کے وارنٹ پر دستخط کردیں گے ، میر ی معلومات کے مطابق دو ملاقاتیں ہوئی ہیں، پی پی اور ن لیگ کے درمیان اب اتحاد نہیں ہوگا ،عمران خان نے آٹھ ماہ میں کیا کیاہے ؟ وہ بتایا جائے ، ان کا کوئی ایک وعدہ بتادیں جو پورا کیاگیا ، عمران خان کیا کریں گے ؟ بیوروکریسی میں تین گروپ بن چکے ہیں، ہر کوئی بڑے عہدے کا امیدوار ہے ۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا نواز شریف لندن جائیں گے تو واپس بھی آئیں گے ، نواز شریف ، شہباز شریف اور مریم نواز نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے تو یہ ان کی بہترین حکمت عملی ہے ، مشرف 13مئی کوواپس نہیں آئیں گے ۔سیاستدان کی دس زندگیاں ہوتی ہیں ، وردی والے کی ایک ہوتی ہے ،یہ سیاستدانوں کا کریڈٹ ہے وہ سرنڈر بھی کرتے ہیں اور جیلیں بھی بھگتتے ہیں ،عمران خان ناکام ہوئے تو مایوس کن ہوگا کیونکہ یہ تیسر ی پارٹی کا تجربہ ہے ،اس وقت مجھے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ خطرے میں نظر آرہے ہیں ۔تجزیہ کار،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا یہ ہو نہیں سکتا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جیل کے اندر رہیں، اب یہ بھی خبریں آرہی ہیں کہ مریم نواز نے یہ تسلیم کیاہے میرا رویہ غلط تھا ،نواز شریف کی منزل مقصود لندن ہے ، سارے کا سارا پیسہ حسن اور حسین نواز کے پاس ہے ، اس وقت ایک آپشن ڈسکس ہورہاہے کہ حسن اور حسین پلی بارگین سے کچھ پیسہ واپس کردیں، نواز شریف کے لندن پہنچنے کے بعد صورتحال واضح ہوجائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں