عمران خان پختونخوا میں مرضی کا وزیر اعلیٰ نہیں لگا سکے :تھنک ٹینک
پاکستان میں اس وقت مسائل ہیں لیکن اتنے تو نہیں جتنے بننے کے وقت تھے ،ایاز امیر مودی ہٹلر جیسا لیڈر ، وہ کچھ بھی کرسکتا ہے ، بہت چوکس رہنا ہوگا :ہارون الرشید مودی کو بھارت میں پریشانی کا سامنا، جنگ سے بچنے کا طریقہ جنگ کی تیاری :سلمان غنی موجودہ حالات میں پی ٹی آئی میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچی جارہی ہیں،خاور گھمن
لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ عمران خان خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ اپنی مرضی کا نہیں لگا سکے اوردبائو میں آگئے ، یہ دبائو ڈالنے والے وہی ہیں جن کا پشاور میٹرو کا منصوبہ تھا ۔پروگرام "تھنک ٹینک" میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم ایسی بات کیوں کرتے ہیں کہ بھارتی جارحیت کا خطرہ ہے ، ہم کیا کوئی سکم اور بھوٹا ن ہیں کہ ہمارے پاس دفاع کی صلاحیت نہیں ، ہم بار بار کہتے ہیں کہ انڈیا نے تسلیم نہیں کیا ، یہ نہیں کیا ، وہ نہیں کیا، تو پھر ایٹم بم دے دیں ، ایسی باتیں کوئی ملک نہیں کرتا ، صر ف ہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جب پلوامہ حملے کے بعد جارحیت کرنے پر جواب ملا تو وہ رک گیا ، مودی نے پلوامہ حملے کے بعد جو اقدامات کئے ہیں ، ان سے مودی کو فائدہ پہنچاہے ، انڈین ووٹر سمجھتاہے کہ بھارتی حکومت کا سٹینڈ درست ہے ، اس کا مودی کو الیکشن میں فائدہ ملے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت مسائل تو ہیں لیکن اتنے تو نہیں جتنے پاکستان بننے کے وقت تھے ،یہ کونسی حکومت کی ترجیحات ہوتی ہیں کہ بھینسیں بیچ دیں اور گورنر ہاؤس کی دیواریں گرا دیں، عمران خان میں سو چ کی کمی ہے ۔ سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا کہ عمران خان بہادر نہیں ہیں بلکہ کھرے ہیں ، بہادر آدمی اپنے آپ سے بھی لڑتاہے عمران خان تو قابل آدمی کو اپنے قریب پھٹکنے بھی نہیں دیتے ۔جب جنگ شروع ہوجاتی ہے تو پھر کسی کے ہاتھ کچھ نہیں رہتا ، مودی ہٹلر جیسا لیڈر ہے ، وہ کچھ بھی کرسکتا ہے ، ہمیں بہت چوکس رہنا ہوگا ۔روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ اسد عمر کے حوالے سے جہانگیرترین نے اجلاس میں کہاہے کہ اسد عمر جو بات کررہے تھے ، وہ کہاں ہے ؟ اسد عمر کوئی اوپر سے نہیں اترے ہوئے ، اگر وہ نہیں کام کرپائے تو اور مضبوط بندے بھی ہیں۔ بھارت کی صورتحال خراب ہے ، بھارتی جارحیت پر کراچی سے خیبر تک یکسوئی تھی ، مودی کو یہ کریڈٹ دینا چاہئے کہ مودی کی وجہ سے پاکستان میں یکسوئی اور اتحاد پیدا ہواہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے بچنے کا بہترین طریقہ جنگ کی تیاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس آگ میں مودی جل رہاہے ، اس میں مودی کوجلنے دیں ، مودی معیشت کے نعرے پر جیت کا آئے تھے ، امریکی بیان کے بعد مودی کو ہندوستان میں بڑی پریشانی کا سامناہے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ حکومت پر پہلے دن سے میرا اعتراض یہ ہے کہ درست کام کیلئے درست آدمی لگائے جائیں لیکن اس حوالے سے عمران خان کام نہیں کرپائے ، موجودہ حالات میں تحریک انصاف میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچی جارہی ہیں، پاکستان نے بہت اچھا کیاہے کہ دنیا کوبتایاہے ، بھارتی مائنڈ سیٹ مودی کی شکل میں ہمارے سامنے ہے ، دنیا کو یہ باورکروانا ضروری ہے کہ ہم اس سے کچھ بھی توقع کرسکتے ہیں جس کا نام مودی ہے ۔