لاہور:بحریہ ٹائون ہسپتال میں جگر گردہ کے امراض کا فری کلینک
دنیا کے معروف ترین کنسلٹنس کی زیر نگرانی کلینک15 اپریل تک جاری رہے گا مریضوں کی بڑی تعداد نے انٹرنیشنل ہسپتال آرچرڈ کا رخ کیا، بہترین مشینری موجود
لاہور (سوشل لیڈی رپورٹر ) بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہسپتال آرچرڈ لاہور میں پہلی مرتبہ جگر اور گردے کے امراض کے لئے دنیا کے معروف ترین کنسلٹنٹس کی زیرنگرانی فری کلینک کا آغاز کردیا گیا۔ تین روزہ کلینک 15اپریل تک صبح 9:00بجے سے دوپہر 3:00بجے تک جاری رہے گا ۔جدید سہولیات اور ماہرین کی زیرنگرانی ہر عمر کے افراد کے لئے چیک اپ فراہم کیا جا رہا ہے ۔ملک بھر سے جگر اور گردوں کے فری چیک اپ کے لیے مریضوں کی بڑی تعداد نے بحریہ ٹاؤن کے انٹرنیشنل ہسپتال آرچرڈ کا رخ کیا ۔ بچوں میں جگر کی پیوندکاری کی سربراہی ڈاکٹر خالد شریف اور پروفیسر ڈاکٹر ہما ارشد چیمہ کر رہی ہیں جبکہ بڑوں کے جگر کی پیوندکاری ماہر ڈاکٹر فیصل حنیف اور ڈاکٹر افضل بھٹی کر رہے ہیں۔ میجر جنرل (ر) افتخاراحمد شعبہ (Anesthesia) کے سربراہ ہیں۔ بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہسپتال میں امراض گردہ کا شعبہ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے جہاں دنیا کی بہترین مشینری اور ماہرین موجود ہیں بچوں میں گردے کی پیوندکاری پروفیسر فرخندہ حفیظ اور ڈاکٹر خالد شریف سرانجام دے رہے ہیں جبکہ بڑوں میں ڈاکٹر وقار احمد، ڈاکٹر احد قیوم، پروفیسر ڈاکٹر احمد سلمان وارث اور ڈاکٹر فضل نیازی جیسے نامور ڈاکٹرز شامل ہیں۔ چیئرمین بحریہ ٹاؤن کی ہدایت پر انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی سہولیات دی جا رہی ہیں اور اب تک 34جگر اور 100سے زائد کڈنی ٹرانسپلانٹ کی کامیاب سرجریز کی جا چکی ہیں، مستقبل میں ایک مکمل چلڈرن ہسپتال بنایا جا رہا ہے جہاں بچوں سے متعلقہ تمام امراض کا علاج میسر ہوگا۔ بحریہ انٹرنیشنل ہسپتال ایک بین الاقوامی معیار کا ہسپتال ہے جہاں ہارٹ سرجریز، جگر اور گردوں کے ٹرانسپلانٹ، گائنی اور دیگر سہولیات موجود ہیں جبکہ علاج کرانے کی استطاعت نہ رکھنے والے افراد کیلئے بحریہ ویلفیئر کی جانب سے مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔