ن لیگ میں تبدیلیاں :کئی ارکان پارٹی چھوڑنے پر تیار
فارورڈ بلاک بننے کا بھی امکان ،12 ایم پی ایزکا تحریک انصاف سے مسلسل رابطہ اسپیکر کو ووٹ دینے والے 5ارکان بھی شامل ، فارورڈبلاک کیلئے گرین سگنل کا انتظار
لاہور(نمائندہ دنیا)مسلم لیگ ن میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد کئی ارکان پارٹی چھوڑنے پر تیار ہو گئے ۔ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے کا بھی امکان ہے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے کئی ارکان پارٹی میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں اکثر لیگیوں کا خیال تھا کہ شہباز شریف اہم حلقوں سے معاملات طے کرلیں گے ،اوراس حوالے سے شہباز شریف نے ان کو یقین دہانی بھی کروائی تھی کہ وہ معاملات کو سنبھال لیں گے مگر شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی اور مسلم لیگ ن میں نواز شریف کے ساتھیوں کی پارٹی کے اہم عہدوں پر نامزدگی سے کئی ارکان مایوس ہوگئے ۔مسلم لیگ ن کے 10 سے 12 ایم پی ایز تحریک انصاف سے مسلسل رابطوں میں ہیں، ان میں سے 5 ارکان وہ بھی ہیں جنہوں نے اسپیکر الیکشن میں پارٹی امیدوار کے بجائے چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ دیا تھا،یہ ارکان گرین سگنل ملنے پر فارورڈ بلاک یا اپنی پارٹی سے الگ ہوسکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے ن لیگ کی ممکنہ جارحانہ پالیسی کا توڑ کرنے کیلئے ان کو مناسب وقت میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان ارکان کو خصوصی فنڈ اور ان کے حلقوں میں فری ہینڈ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔